اسلام آباد: ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد اضافہ ر یکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں گاڑیوں کے 301498 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 43 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں گاڑیوں کے 211252 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اگست میں ملک میں 163775 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے جو جولائی کے 137699 یونٹس کے مقابلہ میں 19 فیصد زیادہ اور گزشتہ سال اگست کے 115903 یونٹس کے مقابلہ میں 41 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 17127 یونٹس موٹر کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 12274 یونٹس کے مقابلہ میں 40 فیصد زیادہ ہے۔ اگست میں کاروں کے 10016 یونٹس کی فروخت ہوئی جو گزشتہ سال اگست کے 6417 یونٹس کے مقابلہ میں 56 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ایل سی ویز، وینز اور جیپوں کے 7901 یونٹس کی فروخت ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 5014 یونٹس کے مقابلہ میں 58 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں بسوں کے 127 اور ٹرکوں کے 913 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 19 اور 83 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں بسوں کے 107 یونٹس اور ٹرکوں کے 500 یونٹس کی فروخت ہوئی تھی، مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹریکٹرز کی فروخت میں کمی کا رحجان رہا، اس عرصہ میں ملک میں ٹریکٹرز کے 2191 یونٹس کی فروخت ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 4120 یونٹس کے مقابلہ میں 47 فیصد کم ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں 266962 یونٹس موٹر سائیکلز کی فروخت ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 184230 یونٹس کے مقابلہ میں 45 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں 65 یونٹس الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں انڈس موٹرز کی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 78 فیصد، پاک سوزوکی لمیٹڈ 33 فیصد، ہنڈا اٹلس کمپنی 24 فیصد اور سازگار انجینئرنگ کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔