کراچی : پورٹ قاسم کے کھلے سمندر میں ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں کی کشتی تیز ہواؤں کے باعث حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی۔ کشتی میں چار ماہی گیر سوار تھے جن میں سے تین کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ ایک ماہی گیر سومار ولد حسن ڈوب گیا۔
ترجمان کوسٹل میڈیا سینٹر ابراہیم حیدری کمال شاہ کے مطابق حادثہ صبح تقریباً چھ بجے پیش آیا جب ماہی گیر مچھلی کے شکار میں مصروف تھے۔ اچانک تیز ہواؤں اور بلند لہروں کے باعث کشتی الٹ گئی۔ زندہ بچنے والے ماہی گیروں میں اصغر، عابد اور قادر شامل ہیں۔
کمال شاہ نے مزید بتایا کہ ماہی گیر سمندر میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے بچوں کے پیٹ کی خاطر خطرات مول لیتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ان کے لیے کسی قسم کی مالی مدد فراہم نہیں کی جاتی۔ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں کروڑوں روپے موجود ہیں مگر حادثات یا اموات کی صورت میں متاثرہ خاندانوں کو کوئی سہارا نہیں ملتا۔
ماہی گیر برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق ماہی گیر کے لواحقین کو مالی امداد دی جائے اور ماہی گیروں کی سلامتی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔