راولپنڈی : اڈیالہ جیل کے باہر توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے موقع پر اہم واقعہ پیش آیا، جہاں علیمہ خان کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے بائیکاٹ کردیا۔
میڈیا نمائندگان کو پی ٹی آئی کارکنان نے تشدد کا نشانہ بنایا، نجی چینل کے سینیئر رپورٹر فیصل حکیم اور طبیب بلوچ کو دیگر صحافیوں نے موقع سے بچا کر نکالا۔ واقعے کے بعد صحافیوں نے احتجاجاً علیمہ خان کی پریس کانفرنس کا مکمل بائیکاٹ کردیا۔
تشدد کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر نبیل کھوکھر، اے ایس پی زینب ایوب اور ایس ایچ او اعزاز عظیم پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ متاثرہ صحافیوں کی جانب سے اڈیالہ چوکی میں درخواست جمع کرائی جارہی ہے جبکہ پولیس نے تشدد میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اضافی نفری بھی طلب کرلی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قیادت کی موجودگی کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان کو تشدد سے روکنے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ دوسری جانب اڈیالہ کے قریب بڑی تعداد میں کارکنان تاحال موجود ہیں، جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہے۔