میری بیٹی کو جنات نے اغوا کر لیا۔۔ واقعے نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا

ہماری ویب  |  Sep 08, 2025

لاہور میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جو عام اغوا کی کہانیوں سے بالکل مختلف ہے۔ اکثر یہ سننے کو ملتا ہے کہ کسی کو دشمنی، تاوان یا شادی کے مقصد سے اغوا کیا گیا، مگر یہاں معاملہ کچھ اور نکلا۔ کاہنہ کی رہائشی ایک خاتون برسوں پہلے لاپتہ ہوئی اور اس کی والدہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو انسانوں نے نہیں بلکہ جنات نے اٹھا لیا۔

یہ واقعہ سنہ 2019 کا ہے جب فوزیہ بی بی نامی دو بچوں کی ماں اچانک غائب ہو گئی۔ اس وقت اس کی والدہ کی درخواست پر تھانہ کاہنہ میں اغوا کا مقدمہ درج بھی کر لیا گیا۔ لیکن جب کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو انہوں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور وہاں بھی یہی مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی کو جنات لے گئے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ خاتون کو فوری طور پر تلاش کیا جائے۔

عدالتی احکامات کے بعد پولیس نے دوبارہ تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ مغویہ کا سراغ لگانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف شعبوں کے نو افسران شامل ہیں۔ ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان رضا کر رہے ہیں جبکہ ایس ایس پی عاصم کمبوہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن محمد ایاز، ڈی ایس پیز اسپیشل برانچ، سیف سٹی، سی سی ڈی اور انویسٹی گیشن سرکل کاہنہ کے افسران بھی اس کارروائی کا حصہ ہیں۔

یہ ٹیم مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ برسوں سے گمشدہ فوزیہ بی بی کا کوئی سراغ لگایا جا سکے۔ لاہور میں پیش آیا یہ معاملہ اس لیے بھی توجہ حاصل کر رہا ہے کہ اس میں اغوا کا الزام کسی شخص پر نہیں بلکہ ماورائی مخلوق پر لگایا گیا ہے، جس نے اسے ایک غیر معمولی کیس بنا دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More