پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں، اربن اور فلش فلڈ کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 30 اگست سے اب تک مختلف حادثات میں 411 افراد جاں بحق اور 255 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 3 ہزار 580 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو ہفتوں کے دوران 5 ہزار 408 مویشی ہلاک ہوئے جبکہ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان بونیر میں ہوا ہے جہاں 237 افراد جاں بحق، 128 زخمی ہوئے اور 4 ہزار 405 مویشی مر گئے۔ بونیر میں 276 مکانات مکمل طور پر جبکہ ایک ہزار 374 جزوی طور پر تباہ ہوئے اس کے علاوہ ایک اسکول مکمل اور 28 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دوسرا سب سے متاثرہ ضلع صوابی ہے جہاں 42 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، شانگلہ، مانسہرہ، باجوڑ، سوات، پشاور، مردان، دیر اپر، دیر لوئر، کوہستان اپر، جنوبی وزیرستان اپر، بٹگرام، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ، تورغر، اپر چترال، خیبر، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ٹانک، کرک، کوہاٹ اور کرم میں بھی نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔