بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک افسوسناک سانحہ اس وقت پیش آیا جب گوگل میپ پر اندھا اعتماد ایک فیملی کی جان لے گیا۔ مذہبی رسومات سے واپسی پر گاڑی کا ڈرائیور راستہ ڈھونڈنے کے لیے موبائل ایپ استعمال کر رہا تھا۔ ایپ نے انہیں ’سومی اپریڈا پل‘ کی طرف موڑ دیا، جو کئی ماہ سے بند تھا اور کسی بھی ٹریفک کے لیے محفوظ نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق گاڑی پل پر پھنسی اور اچانک دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ایک بچہ اب تک لاپتہ ہے۔
پانچ افراد نے غیر معمولی ہمت دکھاتے ہوئے کھڑکی توڑی، وین کی چھت پر چڑھ گئے اور موبائل کی ٹارچ کے ذریعے مدد کے سگنل دیے۔ اندھیرا ہونے کے باوجود مقامی لوگ اور پولیس فوراً پہنچے اور کشتیوں کی مدد سے پانچوں کو زندہ نکالنے میں کامیاب ہوئے۔
واقعے نے ایک بار پھر سوال کھڑا کر دیا ہے کہ ٹیکنالوجی پر اندھا اعتماد کس حد تک خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ حکام نے مزید تحقیقات اور لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔