ایم اے جناح روڈ پر الآمنہ پلازہ میں قائم آتشبازی کے سامان میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طویل سرچنگ مکمل کر کے اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 500 کلو گرام آتشبازی کا سامان پھٹا جس کی وجہ سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ دھماکے کی آواز 5 سے 7 کلومیٹر دور تک سنی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 100 میٹر کے دائرے میں تباہی پھیل گئی۔ سرچنگ کے دوران عمارت کے گراؤنڈ فلور پر دو گودام پائے گئے جن میں آتشبازی کا سامان بھرا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ گراؤنڈ پلس ٹو عمارت کی چھت پر بنے ہوئے دو کمروں میں بھی آتشبازی کا سامان موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق سرچنگ کے دوران الآمنہ پلازہ کے قریب گراؤنڈ میں آتشبازی کے سامان سے بھرے ہوئے دو کنٹینر بھی برآمد ہوئے۔ اس وقت مجموعی طور پر 5 ہزار کلو گرام سے زائد آتشبازی کا سامان وہاں موجود ہے۔ کچھ خام مال منگوا کر مقامی طور پر آتشبازی کا سامان عمارت کے عقب میں قائم خالی جگہ پر تیار کیا جاتا تھا، جبکہ سامان بلوچستان، لاہور اور چین سے بھی منگوایا جاتا تھا۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ دھماکے میں بچ جانے والا آتشبازی کا سامان فوری طور پر کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ مزید کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔