اس لاکر میں مسلمان بھائی امانتیں رکھواتے تھے۔۔ سیلاب نے بونیر کی سکھ برادری کو کتنا نقصان پہنچایا؟

ہماری ویب  |  Aug 23, 2025

حالیہ سیلاب میں بونیر کے علاقے پیر بابا میں صدیوں سے رہائش پذیر سکھ برادری کے کاروبار بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ پیر بابا کے رہائشی سن سنگھ نے بتایا کہ 15 اگست کے سیلاب نے نہ صرف جانی نقصان پہنچایا بلکہ پورے تجارتی بازار کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، جس میں اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا۔ ان کے مطابق سکھ کمیونٹی کا کاروبار مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔

سن سنگھ نے بتایا کہ ان کی اپنی دکان بھی سیلاب کی نذر ہوگئی، جس میں ایک لاکر موجود تھا۔ اس لاکر میں مسلم کمیونٹی کی وہ امانتیں رکھی تھیں، جن میں لاکھوں روپے کی نقد رقم اور زیورات شامل تھے۔ وہ لاکر بھی پانی میں بہہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بونیر کے مسلمان کئی دہائیوں سے اپنی نقد رقم اور زیورات ہمارے پاس بطور امانت رکھتے آئے ہیں۔ اب اگرچہ یہ امانتیں ضائع ہوچکی ہیں لیکن ہم ایک ایک روپیہ واپس کریں گے۔ تاہم موجودہ صورتحال یہ ہے کہ ہماری دونوں دکانیں تباہ ہوچکی ہیں اور سامان بھی مکمل طور پر برباد ہوگیا ہے۔

سن سنگھ کے مطابق ان کے پاس دو کمرشل پلاٹ موجود ہیں اور وہ ان پلاٹوں کو بیچ کر لوگوں کی امانتیں واپس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیر بابا بازار کے تاجروں کو، جنہیں اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، بلاسود قرضے فراہم کرے تاکہ وہ دوبارہ اپنا روزگار شروع کرسکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More