باجوڑ میں نقل مکانی کرنے والوں کے لیے کوئی انتظامات نہیں، نثار باز خان

ہماری ویب  |  Aug 11, 2025

عوامی نیشنل پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے کہا کہ صوبائی حکومت وکٹ کے دونوں جانب کھیلنا بند کرے، باجوڑ میں متاثرین کو جن اسکولوں میں رکھا جا رہا ہے وہاں بنیادی سہولیات موجود نہیں، 4 لاکھ آبادی والے علاقے سے نکلنے والوں کے لیے کوئی ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں۔

صوبائی اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ابھی باجوڑ سے ہو کر آیاہوں پچھلے دو ہفتوں سے بدامنی کی صورتحال بنی ہے، محکمہ داخلہ کی ایما پر پورے باجوڑ میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے، لوئی ماموند میں شدت پسندوں کی موجودگی پر آپریشن کا کہا گیا تھا، دو دنوں سے مسلسل ماموند تحصیل سے نقل مکانی جاری ہے، نقل مکانی کے دوران حکومت نے کرفیو نافذ کیا ان حالات میں لوگ کس طرح محفوظ مقامات تک پہنچ سکیں گے۔ صوبائی حکومت نے پہلے ٹارگٹڈ آپریشن کا اعلان کیا تھا مگر کرفیو پورے باجوڑ میں نافذ کردیا گیا ہے، پہلے بھی 22 ملٹری آپریشنز اس خطے میں ہوچکے ہیںاس کا کیا نتیجہ نکلا ہے، صوبائی حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے کہ یہ ٹارگٹڈ آپریشن ہے یا گرینڈ آپریشن ؟

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں کے ساتھ انتہائی ظلم ہو رہا ہے، آپریشن کے نتیجے میں ہمیشہ سب سے زیادہ نقصان عام عوام نے اٹھایا ہے، اگر ان لوگوں کا بڑے آپریشن کا ارادہ تھا تو پی ڈی ایم اے نے تیاری کیوں نہیں کی، سینکڑوں لوگ سڑکوں بغیر خوراک اور پانی کے محفوظ مقامات کی جانب جانے کی کوشش کر رہے ہیں، آپریشن فوری روکا جائے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے والوں کے مدد میں مصروف ہیں، سرکاری ادارے کہاں ہے، امریکن یہاں کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جو ہمارے عوام نہیں ہونے دیں گے، وسائل پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی پالیسیوں کی تبدیلی کا وقت آچکاہے، نیا نیشنل ایکشن پلان دینے کا وقت ہوا چاہتا ہے، صوبائی و وفاقی حکومت پراکسی وار کا خاتمہ کرے، خیبر پختونخوا میں امن کے لیے سفید جھنڈوں کے ساتھ 23 اگست کو اسلام آباد لانگ مارچ کریں گے، فیڈریشن کے 2 یونٹس کی صورتحال آپ سب کے سامنے ہیں، پنجاب اور سندھ میں خوشحالی، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی ہے، باجوڑ صورتحال پر قومی میڈیا میں مکمل خاموشی ہے، ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، صوبائی حکومت پوزیشن واضح کرے اگر باجوڑ میں آپریشن نہیں تو باجوڑ میں کرفیو کیوں لگایا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More