اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے حالیہ انٹرویو میں اپنی خوبصورتی کا ایک ایسا نسخہ بتایا ہے جس نے سب کو چونکا دیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ایکنی کا علاج کسی مہنگی کریم یا دوائی سے نہیں، بلکہ صبح سویرے اپنے ہی تھوک سے کرتی ہیں۔
تمنا نے بتایا کہ جب ان سے اسکن بریک آؤٹ کا حل پوچھا گیا تو وہ بے جھجک بولیں: "تھوک، صبح کا پہلا تھوک لگائیں۔" انہوں نے واضح کیا کہ یہ وہ لعاب ہے جو برش سے پہلے منہ میں جمع ہوتا ہے، اور ان کے مطابق اس میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہوتی ہیں جو دانوں کو خشک کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ ڈاکٹر نہیں، لیکن یہ ان کا ذاتی تجربہ ہے جس پر انہیں پورا بھروسا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جسم رات کے وقت اندرونی صفائی کا عمل کرتا ہے، اور صبح کے وقت ہمارے منہ میں قدرتی طور پر بیکٹیریا سے لڑنے والے عناصر موجود ہوتے ہیں۔ اسی لیے ان کے مطابق صبح کا تھوک براہ راست پمپل پر لگانے سے وہ جلد ہی خشک ہو جاتا ہے۔
تمنا نے اپنی اینٹی ایجنگ روٹین کے بارے میں بھی بتایا کہ 25 سال کی عمر کے بعد ہر شخص کو ایسی مصنوعات کا استعمال شروع کر دینا چاہیے جو جلد کو عمر کے اثرات سے بچائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلد کی حفاظت صرف کریموں سے نہیں ہوتی، بلکہ غذا میں توازن اور اپنی خوراک کی سمجھ بھی بے حد ضروری ہے۔
حیرانیکی بات یہ ہے کہ تمنا کے اس دعوے کو سائنسی تحقیق سے بھی تقویت ملتی ہے۔ جرنل آف کاسمیٹک ڈرماٹولوجی میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق انسانی لعاب میں قدرتی جراثیم کش مرکبات پائے جاتے ہیں جو مہاسے پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں البتہ اس تحقیق کے نتائج کو حتمی نہیں سمجھا جاسکتا اور اس مفروضے کو سچ ماننے کے کئے مزید سائنسی ثبوت درکار ہیں۔