فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں شکست خوردہ بھارت اب دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کے دوران کیا جس میں سول سرونٹس، ماہرین تعلیم اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی بلوچستان کی محب وطن عوام کے جذبے کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگرد کسی مذہب، فرقے یا نسل کی نمائندگی نہیں کرتے، اور ان کے خلاف قومی سطح پر یکجہتی و عزم ناگزیر ہے۔
سپہ سالار نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کو بھارت کی ناکام پراکسی وار کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے شکست کے بعد ہائبرڈ جنگ کو نئی شدت سے چھیڑ دیا ہے تاہم ان پراکسیز کا انجام بھی بھارت جیسا ذلت آمیز شکست ہو گا۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کا خواب ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے لیکن کسی بھی داخلی یا خارجی خطرے کی صورت میں قومی وقار اور سلامتی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا سے سوال و جواب کا سیشن بھی کیا جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر تفصیلی جوابات دیے اور شرکا کے خیالات کو سراہا۔