اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات، مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر گفتگو

ہماری ویب  |  Jul 26, 2025

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمہ خارجہ میں اہم ملاقات کی جس میں پاک-امریکہ تعلقات، مسئلہ کشمیر، دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، انسداد دہشتگردی اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار کی آمد پر امریکی محکمہ خارجہ کے حکام نے استقبال کیا اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید بھی موجود تھے۔ ملاقات تقریباً 40 منٹ جاری رہی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے طویل المدتی شراکت داری، اقتصادی و تجارتی روابط میں وسعت، اور سیکیورٹی و انسداد دہشتگردی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں اسحاق ڈار نے جموں و کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مرکزی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے حالیہ جنگ بندی میں امریکہ کے تعمیری کردار، خصوصاً صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کی کوششوں کو سراہا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے اور دونوں ممالک کو تجارت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، کرپٹو کرنسی اور نایاب معدنیات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے نجی اور سرکاری دونوں سطحوں پر سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اسحاق ڈار نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا باہمی تعاون اس میدان میں نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطے کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔

ملاقات میں ایران، افغانستان اور غزہ کی صورتحال سمیت مشرق وسطیٰ میں امن، انسانی بحران اور عالمی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام میں ایک تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے دوطرفہ تجارت، نایاب معدنیات میں تعاون، اقتصادی ترقی، انسداد دہشتگردی اور علاقائی استحکام جیسے امور پر گفتگو کی، اور ان شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا ہے کہ مارکو روبیو نے ایران سے مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی خواہش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار علاقائی کشیدگی کے خاتمے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو باہمی مفاد میں فروغ دینے اور نایاب معدنیات و کانکنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق ملاقات کے دوران دہشتگردی، خصوصاً (ISIS-K) کے خلاف دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا-پاکستان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ اگست میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی پر اشتراک عمل کو مزید وسعت دی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More