اے سی بھی چلائیں اور بچت بھی ہو۔۔ جانیں بجلی کا بل آدھا کرنے کی زبردست ٹپ جس سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں

ہماری ویب  |  Jul 07, 2025

ایئر کنڈیشنر اگرچہ گرمیوں میں لازمی ہوگیا ہے لیکن مہنگے بجلی کے بل کی وجہ سے زیادہ تر لوگ اس کو لگوانے کے باوجود بھی استعمال نہیں کرتے۔ البتہ اگر اس کا صحیح استعمال کیا جائے تو یہ آپ کے بجلی کے اخراجات میں زیادہ اضافہ نہیں کرتا۔

بہت سے افراد کو شاید یہ علم نہ ہو کہ اے سی میں موجود "ڈرائی موڈ" نامی ایک آپشن ایسا بھی ہے جو شدید گرمی کے دنوں میں تو نہیں، لیکن نم موسم میں نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈرائی موڈ کا مقصد دراصل کمرے کے درجہ حرارت کو نمایاں حد تک کم کرنا نہیں ہوتا، بلکہ یہ کمرے کی فضا میں موجود اضافی نمی کو ختم کرتا ہے۔ جب ہوا میں نمی بڑھ جاتی ہے تو پسینہ خشک نہیں ہوتا، سانس لینے میں الجھن محسوس ہوتی ہے اور جسم بھاری محسوس ہونے لگتا ہے۔ ایسے حالات میں اے سی کا یہی مخصوص فیچر نہایت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

اس موڈ میں اے سی کا کمپریسر تھوڑی دیر کے لیے چلتا ہے اور پھر خودبخود رک جاتا ہے، جبکہ پنکھا نسبتاً کم رفتار سے مسلسل چلتا رہتا ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کمرے کی فضا سے نمی جذب ہو جاتی ہے اور آپ کو ہلکی ٹھنڈک کے ساتھ ایک خوشگوار ماحول میسر آتا ہے، جس میں نہ جسم بوجھل محسوس ہوتا ہے نہ سانس لینا دشوار۔

اب بات کرتے ہیں سب سے اہم نکتے کی، یعنی بجلی کے بل کی۔ عام کولنگ موڈ میں کمپریسر لگاتار چلتا ہے جس سے بجلی کی کھپت بڑھ جاتی ہے۔ لیکن ڈرائی موڈ میں چونکہ کمپریسر وقفے وقفے سے چلتا ہے، اس لیے بجلی کی کھپت تقریباً 30 سے 50 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔ یعنی وہی اے سی، وہی کمرہ، مگر آدھے سے بھی کم خرچ پر سکون حاصل کیا جا سکتا ہے۔

یہ موڈ خاص طور پر ان دنوں کے لیے مفید ہے جب موسم میں زیادہ گرمی نہیں ہوتی، مگر ہوا میں نمی بہت زیادہ ہو جاتی ہے، جیسے برسات کے دنوں میں۔ اگر آپ بھی ان دنوں صرف نمی سے نجات چاہتے ہیں اور ٹھنڈک کی شدت نہیں، تو کولنگ موڈ کو ڈرائی موڈ سے تبدیل کریں اور بجلی کے بل میں اضافے کے بغیر ٹھنڈی ہوا کے مزے اڑائیں۔

یاد رکھیں، صحیح وقت پر درست فیچر کا استعمال ہی سمارٹ زندگی کی علامت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More