محکمہ خوراک کا غیرفعال فلور ملز کو گندم کے اجراء کا معاملہ طول پکڑ گیا، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غیر فعال ملز کو 6 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گندم دی گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ضلعی فوڈ کنٹرولر حیدرآباد کے پاس 12 فلور ملز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 3 فلور ملز ایک عرصہ سے غیر فعال تھیں۔
غیر فعال فلور ملز کو 8 ہزار 838 میٹرک ٹن گندم دی گئی، غیر فعال ملز کو گندم کا اجراء اختیارات کا غلط استعمال ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق محکمہ کی جانب سے اس معاملے کی انکوائری کے لیے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ رپورٹ میں آڈیٹر جنرل نے معاملے کی شفاف انکوائری اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی سفارش کی ہے۔