لائیو: انڈیا ہمارے ساتھ امن کے لیے بیٹھے تاکہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکالا جائے: بلاول

اردو نیوز  |  Jul 02, 2025

اہم نکات

انڈیا امن کے لیے پاکستان کے ساتھ بیٹھے : بلاول بھٹو

باجوڑ میں بم دھماکہ، اسسٹنٹ کمشنر سمیت چار افراد ہلاک

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار

ملک کے بالائی حصوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زراری نے کہا کہ طالبان کی حکومت آنے کے بعد افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر حملوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کو اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ’دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ‘ کے عنوان پر منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’افغانستان کی عبوری حکومت نے جس طرزعمل کا مظاہرہ کیا وہ دوحہ معاہدے کے خلاف ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کے متاثرہ علاقوں میں فوجی آپرپشن کے ساتھ ساتھ وہاں سرمایہ کاری بھی کرنا ہو گی۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 92 ہزار افراد کو سپرد خاک کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی ڈکشنری میں سرنڈر کرنا شامل ہی نہیں ہے۔ محفوظ مستقبل کے لیے دہشت گردی کو شکست دینا ہو گی۔ ڈیجیٹیل پروپیگنڈہ عصر حاضر کا اہم چیلیج ہے لیکن نوجوانوں کو فائروال کی بجائے تیز رفتار انٹرنیٹ دینے کی ضرورت ہے۔‘

چیئرمین پیپلز پارٹی نے انڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گردی کا کوئی مذہب، نسل یا وطن نہیں ہوتا۔ انڈیا کو یہ بات سیکھنی چاہیے کہ دہشت کی آگ ایک دن خود اپنے انجینیئر کو بھی جلا دیتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’انڈیا پاکستان کے امن کے لیے ہمارے ساتھ بیٹھے۔ آئیے کشمیر کے مسئلے کو وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کریں۔‘

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار، 100 انڈیکس ایک لاکھ 30 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں رواں مالی سال کے دوسرے دوسرے روز بھی تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

بدھ کو کاروبار شروع ہونے کے بعد سے سٹاک مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے اور 100 انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 30 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 28 ہزار 199 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

 

ملک کے بالائی حصوں میں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان: محکمہ موسمیات

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ (ٓآج) بدھ کو کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔جمعرات کو کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور جنوبی پنجاب، جنوب مشرقی سندھ اور جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

’ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

پاکستان نتیجہ خیز اور شفاف شراکت داریوں کے لیے پرعزم ہے: وزیر خزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سپین میں چوتھی عالمی کانفرنس برائے فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ (FfD4) میں کثیر الفریقی گول میز اجلاس سے خطاب کہا کہ ’پاکستان پائیدار ترقی کے لیے نتیجہ خیز اور شفاف شراکت داریوں کے لیے پرعزم ہے۔‘

وزات خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے کے حصول کے لیے عالمی ترقیاتی تعاون کو مؤثر بنانے اور ترقیاتی تعاون کی نئی سوچ اپنانے پر زور دیا۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم وعدوں سے آگے بڑھ کر عمل کی طرف آئیں۔

بیان کے مطابق ’وزیر خزانہ نے ترقی پذیر ممالک کے لیے آسان اور بلینڈڈ فنانس تک رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور موسمیاتی لچک، صنفی مساوات اور ڈیجیٹل شمولیت جیسے پہلوؤں کو ترقیاتی حکمتِ عملیوں میں شامل کیے جانے کی ضرورت اجاگر کی۔

باجوڑ میں بم دھماکہ، اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت چار افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیل دار سمیت چار افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈی پی او وقاص رفیق کے مطابق یہ بم دھماکہ بدھ کو باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناوگئی روڈ پر ہوا۔

بم دھماکے میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More