ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز کپ 2025 کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4-3 سے شکست دے دی۔اس ٹورنامنٹ تین میں سے تین میچز جیت کر نیوزی لینڈ نے پول بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ پاکستان گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔پاکستان کو تیسرے کوارٹر کے بیشتر حصے میں 1-3 کی برتری حاصل رہی، مگر نیوزی لینڈ کے سکاٹ کوسلیٹ نے دو گول کر کے سکور برابر کر دیا۔میچ کا آغاز نیوزی لینڈ کے نک ووڈز کے پہلے کوارٹر میں گول سے ہوا، تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کی اور عبدالرحمٰن نے دو اہم گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار دفاعی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کو گول کرنے سے روکے رکھا۔ اسی دوران رانا وحید اشرف نے ایک اور گول کیا، جس سے پاکستان کو 1-3 کی سبقت حاصل ہوئی۔اس برتری کے ساتھ لگ رہا تھا کہ میچ پاکستان کے حق میں جا رہا ہے، لیکن تیسرے کوارٹر میں نیوزی لینڈ نے دو گول کر کے پاکستان کی پول بی میں ٹاپ کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔آخری کوارٹر میں میچ نہایت سنسنی خیز ہو گیا، دونوں ٹیمیں گول کرنے کے لیے کوشاں رہیں، مگر نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک بار پھر سکاٹ کوسلیٹ نے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔اس سے قبل پاکستان نے جاپان کو شکست دی تھی جبکہ میزبان ملیشیا کے خلاف میچ برابر رہا۔ چار پوائنٹس کے ساتھ گرین شرٹس نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ فرانس سے ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ جنوبی کوریا کے مومقابل ہوگا۔پاکستان کا سکواڈ:عماد بٹ (کپتان)، رانا وحید (نائب کپتان)، منیر الرحمٰن، عبداللہ اشتیاق، محمد عبداللہ، محمد سفیان خان، عبدالمعنان، حماد انجم، ارشد لیاقت، معین شکیل، ذکریا حیات، غضنفر علی، سلمان رزاق، جنید منظور، افراز خان، عبدالرحمٰن، احمد ندیم اور محیب اللہ۔