چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، صدر مملکت کا عالمی دن پر پیغام

سچ ٹی وی  |  Jun 12, 2025

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بچوں کو مشقت اور استحصال سے بچانے کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی ہے۔ صدر مملکت کے مطابق بچوں سے مشقت لینا ایک عالمی چیلنج ہے جس کا حل صرف قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان بچوں کے استحصال کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور اس حوالے سے متعدد عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق حکومت نے چائلڈ لیبر اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے لیے قوانین منظور کیے، متاثرہ بچوں کی بحالی اور دیکھ بھال کے لیے مؤثر نظام اور سروس یونٹس قائم کیے، جب کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر ادارے بھی وجود میں لائے گئے ہیں۔

انہوں نے آجر حضرات پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عمل کریں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کام کی جگہیں بچوں کے استحصال سے مکمل طور پر پاک ہوں۔

صدر مملکت نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ مختصر مدتی مالی فوائد کے بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیں، اور تعلیمی اداروں اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایسے بچوں کی بروقت شناخت کریں جو اسکول چھوڑنے کے خطرے سے دوچار ہوں۔

صدر زرداری نے میڈیا کو چائلڈ لیبر سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کرنے کی تلقین کی، جبکہ مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کمزور اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں تاکہ کوئی بچہ غربت کے باعث مزدوری پر مجبور نہ ہو۔

عالمی سطح پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ غزہ جیسے جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی حالتِ زار فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں بچے قابض افواج کے تشدد، بمباری اور جارحیت کے باعث بے گھر، زخمی یا یتیم ہو چکے ہیں اور اب انہیں بھوک، بیماری اور چائلڈ لیبر کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔ صدر زرداری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے بچوں کو فوری امداد، تحفظ اور انصاف فراہم کرے۔

صدر مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں تاکہ ہر بچے کو ایک محفوظ، تعلیم یافتہ اور روشن مستقبل مل سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More