’ہم ایک لڑائی میں ہارے ہیں، جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔‘
29 مئی کو جب پنجاب کنگز کی ٹیم پہلے کوالیفائر میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں شکست فاش سے دوچار ہوئی تھی تو پنجاب کنگز کے کپتان شریاش ایئر نے یہ بات کہی تھی اور گذشتہ رات انھوں نے جب پانچ بار کی آئی پی ایل چیمپیئنممبئی انڈینز کو شکست سے دوچار کیا تو ان کے قول کی گونج سوشل میڈیا پر سنائی دے رہی ہے۔
دوسرے کوالیفائر میں پنجاب نے ممبئی انڈینز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی جس میں شریاس ایئر نے کلیدی کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
سوشل میڈیا پر جہاں شریاس ایئر کی تعریف اور ان کے منفرد 'سویگ' کی بات ہو رہی ہے وہیں ممبئی انڈینز اور اس فرنچائزی کی مالکن نیتا امبانی کو ٹرول کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ شائقین کے نشانے پر ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ بھی ہیں۔ پنجاب کنگز کی اس لیے بھی تعریف ہو رہی ہے کہ وہ پہلی ٹیم ہے جس نے ممبئی انڈینز کو 200 سے زیادہ رنز سکور کرنے کے بعد بھی شکست سے دو چار کیا۔
اب فائنل میں پنجاب کنگز کا مقابلہ وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز سے ہو گا اور میچ کا فیصلہ جس کے بھی حق میں ہو آئی پی ایل کو ایک نیا چیمپیئن ملے گا۔
اگرچہ کوہلی کی ٹیم چوتھی بار فائنل میں پہنچی ہے اور پریتی زنٹا کی ٹیم دوسری بار لیکن دونوں ابھی تک اس ٹائٹل کو جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔
پہلے ہم دوسرے کوالیفائر کی بات کرتے ہیں جو بارش کے سبب قدرے دیر سے شروع ہوا لیکن اوورز کم کرنے کی نوبت نہ آنے پائی۔
Getty Imagesممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا نے پنجاب اور شریاس ایئر کی تعریف کیدوسرے کوالیفائر کا احوال
انڈیا کے مغربی شہر احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھلیے جانے والے میچ میں پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایئر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پنجاب کنگز کو پہلی کامیابی تیسرے اوور میں ملی جب ممبئی انڈینز کے سابق کپتان روہت شرما محض آٹھ رنز بنا کر مارکس سٹوئنس کا شکار ہو گئے۔ اس وقت ممبئی کا سکور 19 رنز تھا۔
اس کے باوجود تلک ورما اور جانی بیئرسٹو نے اپنا اپنا جارحانہ سٹروک پلے جاری رکھا اور پاور پلے میں مزید کسی نقصان کے 65 رنز بنائے۔ ساتویں اوور کی آخری گیند پر بیرسٹو 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
بیئرسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد ان فارم بیٹسمین سوریہ کمار یادو بیٹنگ کے لیے آئے اور انھوں نے تلک ورما کے ساتھ 72 رنز کی شراکت قائم کی اور 26 گیندوں میں 44 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اس وقت ممبئی انڈینز کا سکور 142 رنز تھا اور ابھی 14 اوورز بھی پورے نہیں ہوئے تھے۔
پھر اگلے ہی اوور میں تلک ورما بھی 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انھوں نے 29 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ پھر ہاردک پانڈیا اور نمن دھیر نے سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ ہاردک 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن نمن دھیر نے 18 گیندوں پر 37 رنز بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔
بعد میں رنز کی رفتار میں قدرے کمی ہوئی لیکن ممبئی انڈینز 203 رنز کا ایسا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی کہ اتنے رنز بنا کر وہ اس سے قبل کبھی شکست سے دو چار نہیں ہوئی تھی۔
204 رنز کا ہدف ایک ایسی بولنگ لائن کے سامنے جس میں جسپریت بمراہ، ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر جیسے بولرز ہوں جوئے شیر لانے کے برابر تھا۔
Getty Imagesشریاس ایئر اور مارکس سٹونس نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیاپنجاب کنگز کی اننگز
پنجاب کنگز کی ابتدا اچھی نہیں رہی اور اس کی پہلا وکٹ تیسرے اوور کی پہلی گیند پر 13 کے سکور پر گری جب پربھ سمرن سنگھ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انھیں بولٹ نے آؤٹ کیا۔ دوسری وکٹ پریانش آریہ کی گری جنھوں نے دس گیندوں پر 20 رنز بنائے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شریاس ایئر بیٹنگ کرنے آئے اور انھوں نے پہلے جاش انگلس اور پھر نہال ودھیرا کے ساتھ بڑی شراکت قائم کی۔ لیکن انگلس نے جب بمراہ کے پہلے ہی اوور میں 20 رنز بنا ڈالے تو یہ ممبئی انڈینز کے لیے کوئی نیک شگون نہیں تھا۔
انگلس 38 رنز بنا کر جبکہ ودھیرا 48 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ دونوں نے دو، دو چھکوں کے ساتھ بالترتیب چار اور پانچ چوکے لگائے۔
ودھیرا کے آؤٹ ہونے پر ممبئی انڈینز کی جیت نظر آنے لگی تھی اور پھر پنجاب کا پانچویں وکٹ بھی گر گئی۔ نوشتہ دیوار صاف پڑھا جا رہا تھا۔ 12 گیندوں پر 23 رنز درکار تھے۔
وراٹ کوہلی کی ’اورینج کیپ‘: ’18ویں آئی پی ایل میں 18 نمبر جرسی والا سب کو پیچھے چھوڑ رہا ہے‘آئی پی ایل میں گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت اور بولرز کو ٹورنامنٹ میں ’ریورس سوئنگ کی واپسی‘ کی امید’اربوں کی آئی پی ایل نیلامی عربوں میں‘: رشبھ پنت اور شریاس ایئر کے لیے فرنچائزز ریکارڈ رقم دینے کے لیے کیوں تیار ہوئےآئی پی ایل میں رنز کے انبار کے بعد بیٹ چیک کرنے کا فیصلہ: ’اب اس کھیل کو کرکٹ نہیں صرف بلے بازی کہنا چاہیے‘
لیکن شریاس ایئر کسی اور ہی دھن میں تھے۔ انھوں نے آخری اوور سے پہلے ہی چار چھکوں کی مدد سے پنجاب کو دوسری بار فائنل میں پہنچا دیا۔ انھوں نے مجموعی طور پر 8 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
آئی پی ایل کے 18ویں سیزن کا فائنل منگل کو پنجاب اور بنگلور کے درمیان اسی نریندر مودی سٹیڈیم میں ہو گا جہاں 19 نومبر 2023 کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو شکست ہوئی تھی اور وزیر اعظم مودی کے ڈریسنگ روم میں جانے کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس دوران شریاس ایئر کے انداز پر بھی گرما گرم مباحثہ ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر شریاس کی تعریف اور ممبئی انڈینز کی ٹرولنگ
شریاس ایئر کی تعریف کرتے ہوئے بہت سے صارفین نے لکھا ہے کہ ان کی کپتانی میں شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹر رائڈرز گذشتہ سال کی آئی پی ایل فاتح تھی اب پنجاب کنگز فائنل میں ہے۔
اس سے قبل 2020 میں دہلی کیپیٹلز ان کی قیادت میں فائنل میں پہنچی تھی لیکن ان کی 65 رنز کی بہترین اننگز کے باوجود روہت شرما کی ٹیم ممبئی انڈینز فتحیاب ہوئی تھی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’شریاس ایئر نے 2024 میں ویر کے لیے ٹرافی جیت تھی اور اب 2025 میں زارا کے لیے ٹرافی جیتنے کا وقت ہے۔‘
واضح رہے کہ اپنے زمانے کی سپر ہٹ فلم 'ویر زارا' شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کی اداکاری والی فلم تھی جس میں شاہ رخ نے ویر کا اور پریتی زنٹا نے زارا کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ بھی سب جانتے ہیں کہ جس طرح شاہ رخ کے کے آر کے مالک ہیں اسی طرح پریتی زنٹا پنجاب کنگز کی مالکن ہیں۔
بہت سے صارفین نے شریاس ایئر کے انداز کی تعریف کی ہے اور اس طرح کی باتیں لکھی ہیں: ’نہ کیمرے میں گھورنا۔ ناں ہونٹوں پر انگلی رکھنا۔ نہ کوئی وائرل جشن، ناں کوئی ڈرامہ، بس ایک پرسکون مسکراہٹ، ہاتھ ملانا، گلے لگانا اور کھیل کے لیے احترام۔ ایک سمجھدار کھلاڑی کا رویہ اس طرح ہوتا ہے۔ شریاس ایئر کے لیے احترام۔‘
کئی صارفین نے لکھا کہ اہم میچ میں جسپریت بمراہ بھی کچھ نہکر سکے۔ بمراہ نے چار اوورز میں 40 رنز دیے اور کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
سابق کرکٹر محمد کیف نے ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شریاس ایئر نے اپنے بلے سے ناقدین کو جواب دیا ہے۔‘ ان کا اشارہ شاید ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شریاس ایئر کو نہ منتخب کیے جانے کی جانب تھا۔
پنجاب کنگز کے سابق کپتان یووراج سنگھ نے لکھا: ’شریاس ایئر کی ذمہ دارانہ اننگز اور نہال وڈھیرا نے اچھا کھیل پیش کیا۔۔۔ بہت اچھی شراکت داری نبھائی۔‘
کرکٹ کمنٹیٹر ہرش بھوگلے نے لکھا: ’پنجاب کنگز نے ٹورنامنٹ کے بہترین کپتان کی قیادت میں زبردست واپسی کی ہے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں شریاس ایئر کی بہترین اننگز میں سے ایک ہے۔‘
Getty Imagesکوہلی اور ایئر فیلڈ پر اپنے مختلف انداز کے لیے جانے جاتے ہیںفائنل میں دونوں ٹیم کے لیے بڑا چیلنج
اگرچہ شریاس ایئر نے ممبئی کے خلاف جیت کے بعد کہا کہ وہ فائنل کے بارے میں ابھی نہیں سوچ رہے ہیں تاہم انھوں نے پہلے کوالیفائر میں شکست کے بارے میں کہا کہ انھوں نے اپنے کھلاڑیوں سے اس کے متعلق زیادہ بات نہیں کی کہ اس دن کہاں غلطی ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ بنگلور کے خلاف ان کی ٹیم جارحانہ انداز میں میدان میں اتری تھی لیکن محض 101 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جسے بنگلور کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر محض دس اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔
اگرچہ بنگلور کے کپتان رجت پٹیدار ہیں لیکن اس ٹیم کا چہرہ ابھی تک وراٹ کوہلی ہیں۔ وراٹ کوہلی نے اس ٹورنامنٹ میں 14 اننگز میں 614 رنز بنائے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ شریاس ایئر نے 16 اننگز میں 603 رنز بنائے ہیں اور وہ چھٹے نمبر پر ہیں۔
پنجاب کے اوپنر پربھ سمرن اور پریانش آریا بھی اچھی فارم میں ہیں اور وہ 523 اور 451 رنز کے ساتھ 11ویں اور 13 ویں نمبر پر ہیں۔
بنگلور کے لیے کوہلی کے بعد فل سالٹ آتے ہیں جنھوں نے 12 اننگز میں 387 رنز بنائے ہیں۔
بولنگ کے میدان میں دیکھیں تو آر سی بی کے ہیزل وڈ 21 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پنجاب کے ارش دیپ سنگھ 18 وکٹوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔
آر سی بی کے پاس اگر ہیزل ووڈ کے ساتھ کرنل پانڈیا اور بھونیشور کمار ہیں تو پنجاب کے پاس بھی چہل ہیں جنھوں نے ابھی تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان سب نے پورے ٹورنامنٹ میں 15 سے زیادہ وکٹیں لی ہیں۔
علی رضا اور ویبھو سوریاونشی: پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سب سے کم عمر کھلاڑیوں کی دھومکوہلی کے جانشین سمجھے جانے والے کرکٹر جن کا کیریئر ’آئی پی ایل سے ملی شہرت، پیسے‘ کی نذر ہوگیاوراٹ کوہلی کی ’اورینج کیپ‘: ’18ویں آئی پی ایل میں 18 نمبر جرسی والا سب کو پیچھے چھوڑ رہا ہے‘آئی پی ایل میں گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت اور بولرز کو ٹورنامنٹ میں ’ریورس سوئنگ کی واپسی‘ کی امید’اربوں کی آئی پی ایل نیلامی عربوں میں‘: رشبھ پنت اور شریاس ایئر کے لیے فرنچائزز ریکارڈ رقم دینے کے لیے کیوں تیار ہوئےاربوں روپے کے گھپلے میں مطلوب آئی پی ایل کے بانی للت مودی کی غیر ملکی شہریت منسوخ