گوگل کی نئی ایپ متعارف، اے آئی ماڈلزآف لائن استعمال کرسکیں گے

سچ ٹی وی  |  Jun 01, 2025

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے ایک نئی ایپ متعارف کرائی ہے جس کا نام ’گوگل اے آئی ایج گیلری‘ ہے جس کے ذریعے صارفین اے آئی ماڈلز آف لائن بھی استعمال کرسکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، یہ ایپ صارفین کو اپنے اسمارٹ فونز پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز ڈاؤن لوڈ اور آف لائن استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ اقدام اُن افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہے جو انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر اے آئی فیچرز استعمال کرنا چاہتے ہیں یا اپنی ذاتی معلومات کو کلاؤڈ پر بھیجنے سے گریز کرتے ہیں۔

اس ایپ کے ذریعے صارفین مختلف اے آئی ماڈلز تلاش، ڈاؤن لوڈ اور استعمال کرسکتے ہیں، یہ ماڈلز تصاویر تخلیق کرنے، سوالات کے جوابات دینے، کوڈ لکھنے اور ترمیم کرنے جیسے کام انجام دے سکتے ہیں۔ اس کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ تمام ماڈلز آف لائن چلتے ہیں، یعنی انہیں استعمال کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔

ایپ میں ’پرومپٹ لیب‘ کے نام سے ایک خاص فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو متن کا خلاصہ تیار کرنے، اسے دوبارہ لکھنے اور دیگر مختلف ٹاسکس انجام دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ فیچر مختلف ٹیمپلیٹس اور سیٹنگز کے ساتھ آتا ہے تاکہ صارفین ماڈلز کے طرزِ عمل کو اپنی ضروریات کے مطابق ترتیب دے سکیں۔

گوگل کے مطابق ماڈلز کی کارکردگی صارف کے ڈیوائس کی ہارڈویئر صلاحیتوں پر منحصر ہے۔ جدید اور طاقتور ڈیوائسز پر یہ ماڈلز تیزی سے کام کرتے ہیں جب کہ بڑے سائز کے ماڈلز مکمل ہونے میں زیادہ وقت لے سکتے ہیں۔

گوگل اے آئی ایج گیلری ایپ کو گوگل کی گِٹ ہب ریپوزٹری سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایپ فی الحال ’ایکسپیریمنٹل الفا ریلیز‘ کی صورت میں دستیاب ہے اور گوگل نے ڈویلپر کمیونٹی سے اس کے تجربے پر فیڈبیک دینے کی دعوت دی ہے۔ ایپ فی الحال صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی اسے آئی او ایس پر بھی متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More