امریکا نے لاکھوں ڈالر کے بھارتی آموں کی کھیپ واپس کیوں لوٹا دی؟ بھارت کو شدید نقصان

ہماری ویب  |  May 19, 2025

بھارت سے امریکہ بھیجے گئے آم اس بار ذائقے یا معیار کی وجہ سے نہیں، بلکہ کاغذی کوتاہی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ معروف بھارتی جریدے اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے بھارت سے آنے والی آموں کی 15 شپمنٹس لینے سے انکار کر دیا۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ کھیپ سے متعلق مطلوبہ دستاویزات مکمل نہیں تھیں، جس پر امریکی حکام نے انکار کر دیا۔

یہ تمام شپمنٹس فضائی ذریعے بھیجی گئی تھیں اور 8 اور 9 مئی کو ممبئی میں بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق تابکاری (شعاع ریزی) کے عمل سے بھی گزاری گئی تھیں۔ تاہم جب یہ آم لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور اٹلانٹا کے ہوائی اڈوں پر پہنچے تو امریکی حکام نے انہیں وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

شعاع ریزی وہ سائنسی عمل ہے جس میں پھلوں کو ایک محدود مقدار میں تابکاری کا سامنا کروایا جاتا ہے تاکہ ان میں چھپے ممکنہ کیڑوں کو ختم کیا جا سکے اور ان کی شیلف لائف بڑھائی جا سکے۔ لیکن اس بار برآمد کنندگان سے یا تو کارگو کو تباہ کرنے یا واپس بھارت بھیجنے کا کہا گیا۔ تاجروں نے نقصان کی شدت اور اخراجات کو دیکھتے ہوئے آموں کو ضائع کرنے کا فیصلہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق اس واقعے سے بھارتی برآمد کنندگان کو تقریباً پانچ لاکھ امریکی ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جو مستقبل میں برآمدی پالیسیوں اور دستاویزی عمل کی نگرانی کے لیے ایک واضح تنبیہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More