پاکستان اور انڈیا کی کشیدگی کے باعث ملتوی ہونے والے پی ایس ایل 10 کا آج سے دوبارہ آغاز

اردو نیوز  |  May 17, 2025

پاکستان اور انڈیا کی حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا دوبارہ آغاز آج ہوگا۔

سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نو دن کے وقفے کے بعد ایونٹ کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا کی کشیدگی کے دوران پنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے متصل فوڈ سٹریٹ میں ڈرون گرنے کے بعد پی ایس ایل 10 کے باقی میچز کو ابتدائی طور پر دبئی منتقل کر دیا گیا تھا۔

تاہم بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پی سی بی نے اپنے ابتدائی فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے پی ایس ایل 10 کو ملتوی کردیا تھا۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز ایک افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا جس میں پاکستان کی مسلح افواج کو سلامی دی جائے گی۔

میچ سے قبل سٹیڈیم میں لائیو پرفارمنسز میں ساحر علی بگا اور اظہر شاہ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ اس کے علاوہ مڈ اننگز شو اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

آج کا میچ

کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہو گا۔

کراچی کنگز کی قیادت ڈیوڈ وارنر جبکہ پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم کریں گے۔ رواں ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز آٹھ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے اسے پانچ میں کامیابی ملی جبکہ تین میں شکست ہوئی۔

اسی طرح سے پشاور زلمی نے چار میچز میں فتح حاصل کی جبکہ چار میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پوائنٹس ٹیبلپی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

لاہور قلندرز کا نو پوائنٹس کے ساتھ چوتھا نمبر ہے جبکہ پشاور زلمی آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ملتان سلطانز دو پوائنٹس کے ساتھ پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More