مدھیہ پردیش کے علاقے شیوپوری میں جمعے کی صبح ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب بھارتی فضائیہ کے طیارے سے اچانک ایک وزنی دھاتی پرزہ ایک گھر پر آ گرا، جس سے دو کمروں کی دیواریں مٹی میں مل گئیں اور قریبی گاڑی بھی ملبے تلے دب گئی۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ پرزے کے گرنے سے صرف ایک گھر ہی متاثر نہیں ہوا، بلکہ اردگرد کے مکانات بھی لرز اٹھے۔ زور دار دھچکے سے صحن میں آٹھ سے دس فٹ گہرا گڑھا بن گیا، جس سے مقامی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
اس واقعے پر بھارتی فضائیہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، "ہم شیوپوری کے قریب ایک مکان کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، یہ ایک غیر دھماکہ خیز پرزہ تھا جو حادثاتی طور پر زمین پر آ گرا۔"
فضائیہ کے مطابق معاملے کی مکمل جانچ کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے، تاہم مقامی لوگ ابھی تک صدمے میں ہیں کہ اگر یہ پرزہ چند فٹ ادھر یا ادھر گرتا تو نتیجہ کچھ اور ہو سکتا تھا۔