ایران کے شہر بندر عباس کی پورٹ پر زوردار دھماکا، 500 افراد زخمی

سچ ٹی وی  |  Apr 26, 2025

ایران کے دارالحکومت تہران سے ایک ہزار کلومیٹر جنوب میں واقع بندرگاہ کے حامل شہر بندر عباس میں زوردار دھماکوں اور آگ لگنے کے نتیجے میں 500 افراد زخمی ہو گئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکا بندر عباس کی شاہد راجئی پورٹ پر واقع ایک انتظامی عمارت میں ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بندر عباس بندرگاہ پر کنٹینر پھٹنے کی وجہ سے دھماکے ہوئے، ہرموزگان کے کرائسز مینجمنٹ چیف مہرداد حسن زادہ نے کہا کہ یہ دھماکے بندرگاہ کے صحن میں ذخیرہ کیے گئے کئی کنٹینرز کے پھٹنے سے ہوئے، زخمیوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔

ایران کی کسٹم اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والا دھماکا سینا کنٹینر یارڈ میں ہوا، جو پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن سے وابستہ ہے۔

صوبہ ہرمزگان کی کرائسس مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر مہرداد حسن زادہ نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ زخمیوں کو طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے، سیکیورٹی حکام نے اس سے قبل جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا اور حفاظتی وارننگ جاری کی تھی۔

اس سے قبل ہرمزگان پورٹس اینڈ میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کے عہدیدار اسماعیل مالکی زادہ نے کہا تھا کہ دھماکا شاہد راجی بندرگاہ کے قریب ہوا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ دھماکے کے مقام سے کالے دھوئیں کا ایک بہت بڑا غبار اور آگ کا ایک گولہ اٹھ رہا ہے۔

نیشنل ایرانین آئل ریفائننگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی (این آئی او آر ڈی سی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکے کا علاقے میں ریفائنریوں، ایندھن ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں یا تیل کی پائپ لائنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ بندر عباس کی تنصیبات میں آپریشن بلا تعطل جاری ہے، مزید کہا گیا کہ بندرگاہ کے حکام کی مدد کے لیے قریبی تیل کمپنیوں کی فائر فائٹنگ اور ہنگامی ٹیمیں تیار ہیں۔

دھماکے کی وجوہات کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں، سرکاری تصدیق جاری نہیں کی گئی ہے، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

ایران نے بندر عباس بندرگاہ کے لیے ایکسپورٹ اور ٹرانزٹ شپمنٹ معطل کر دی، ایران کی کسٹم اتھارٹی نے تمام کسٹم دفاتر کو حکم دیا ہے کہ وہ بندر عباس کی شاہد راجی بندرگاہ پر برآمدی اور ٹرانزٹ شپمنٹس کی ترسیل تاحکم ثانی روک دیں۔

اس سے قبل کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ جن ٹرکوں نے پہلے ہی کسٹم کی رسمی کارروائی مکمل کر لی ہے، انہیں بندرگاہ کے علاقے سے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ادھر ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بندر عباس کی شاہد راجی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے کی ممکنہ وجوہات کے حوالے سے متعدد حالات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ابھی تک اس کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

صوبہ ہرمزگان کے گورنر محمد عاشوری کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے متعدد صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور تصدیق کے بعد اس کی وجہ کا اعلان کیا جائے گا۔

دھماکے کے بعد ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عریف نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے صوبائی گورنر اور ہلال احمر کے سربراہ سے فون پر الگ الگ بات چیت کی، وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے بھی خصوصی تحقیقات کا حکم دیا اور نیشنل کرائسس مینجمنٹ آرگنائزیشن کے سربراہ کو علاقے میں بھیج دیا۔

 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More