ممبئی کے ساحلی کنارے پر واقع ایک دلکش حویلی، جہاں وقت جیسے تھم سا گیا ہے — یہ ہے لیجنڈری ریکھا کا مسکن، جسے دنیا ’بسیرا‘ کے نام سے جانتی ہے۔
یہ کوئی عام بنگلہ نہیں بلکہ ایک خواب جیسا گھر ہے جس میں ریکھا اپنی الگ تھلگ دنیا بسا چکی ہیں۔ سادگی اور شان کا ایسا امتزاج جو صرف ایک فلمی رانی کے ہی گھر میں ممکن ہے۔ بندرا کے بینڈ اسٹینڈ پر موجود یہ گھر نہ صرف اس کی شاندار لوکیشن کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ اس کے منفرد انداز اور پراسرار فضا نے اسے ایک راز بھرا مقام بنا دیا ہے۔
ریکھا کا بسیرا دور سے ہی آنکھوں کو خیرہ کر دیتا ہے۔ سبزے میں لپٹا بیرونی منظر، انوکھا دروازہ اور جھروکوں سے آتی سمندری ہوا — سب کچھ مل کر ایسا ماحول بناتے ہیں جیسے فلم امراؤ جان کا کوئی منظر حقیقت میں بدل گیا ہو۔ دیواروں پر مٹیالے رنگ، نقش دار پردے، لکڑی کی پرانی چیزیں، اور آئینے جو وقت کی خوبصورتی کو قید کیے بیٹھے ہیں۔
اندر کا ہر کونہ، ہر زاویہ، ہر شے ریکھا کے ذوق اور ثقافت سے جڑے تعلق کی گواہی دیتی ہے۔ ریکھا کے گھر کو مسٹری ہاؤس بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے دروازے کھڑکیاں ہمیشہ بند رہتے ہیں۔ بھاری پردے باہر سے نظر آتے ہیں جو اس حقیقت کو آشکار کرتے ہیں کہ تنہا زندگی گزارنے والی ریکھا اپنے گھر کے اندرونی جھلک کسی کو بھی نہیں دکھانا چاہتیں۔ اس گھر میں صرف وہی لوگ داخل ہوسکتے ہیں جن پر ریکھا کو اعتبار ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریکھا کے گھر کی قیمت 100 کروڑ روپے ہے۔
ریکھا کا بسیرا صرف ایک رہائش نہیں، بلکہ ایک مکمل احساس ہے — جیسا کہ وہ خود ہیں: خاموش، پُراسرار، اور بےحد خوبصورت