"وردی کو مذاق نہ بنائیں!"— سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے پنجاب پولیس کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا
"کبھی کسی ویڈیو پر اتنی شرمندگی محسوس نہیں ہوئی!"— ایک صارف کی یہ جملہ اب پورے سوشل میڈیا کی زبان بن پر ہے، اور اس سب کی وجہ بنی ہے وہ ویڈیو جس میں ایک پولیس اہلکار کو ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے لیے نوٹوں سے بھری ٹرے اٹھائے اسٹیج کے کنارے کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں منظر کچھ یوں ہے: وردی پہنے سرکاری اہلکار ہاتھوں میں کیش سے لبریز تھال تھامے کھڑا ہے، جبکہ کاشف ضمیر اپنی مخصوص سونے کی زنجیروں کے ساتھ اس ٹرے سے نوٹ نکالتے ہیں اور قوال کی دھنوں پر جھومتے حاضرین پر نچھاور کرتے جاتے ہیں۔ اس موقع پر وینا ملک بھی رقص کرتی نظر آئیں، اور سوشل میڈیا نے بس یہ منظر ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
"کیا یہ عوامی وردی ہے یا ذاتی نوکرشاہی؟"— صارفین غصے میں تبصرے کر رہے ہیں، پنجاب پولیس کو ٹیگ کر کے پوچھا جا رہا ہے کہ عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والے اہلکاروں کا یہ رویہ قابل قبول کیسے ہو سکتا ہے؟
یہ پہلا موقع نہیں جب کاشف ضمیر خبروں میں چھائے ہوں۔ وہ اس سے پہلے بھی 2021 میں تُرک اداکار انجین التان کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار ہو چکے ہیں۔ اپنے پالتو شیروں، بھاری سونے کی زنجیروں اور دھواں دھار سوشل میڈیا پریزنس کی بدولت وہ اکثر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ ان کے ٹک ٹاک پر 5.6 لاکھ فالوورز اور 13.6 ملین لائکس ہیں، اور وہ خود کو ایک ٹیکسٹائل کمپنی کے سی ای او کے طور پر ظاہر کرتے ہیں۔
مگر اس بار ان کا انداز اور شو بازی سوشل میڈیا صارفین کو بالکل بھی راس نہیں آئی۔ سوشل پلیٹ فارمز پر ایک ہی بات گونج رہی ہے:
"وردی کا احترام کریں، یہ تفریح کا سامان نہیں!"