چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا سے شکست، سٹیو سمتھ کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اردو نیوز  |  Mar 05, 2025

چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان سٹیون سمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ 

بدھ کے روز کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے سوشل میڈیا پر سٹیون سمتھ کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’گریٹ سٹیو سمتھ نے اپنے ون ڈے کیریئر کو خیرباد کہہ دیا ہے۔‘

گزشتہ روز سٹیو سمتھ نے چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کے خلاف اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جس میں انڈیا سے چار وکٹوں سے ہارنے کے بعد آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا تھا۔  

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق سٹیو سمتھ ٹیسٹ اور ٹی20 کرکٹ کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔

ٹی20 میں دستیابی شاید سمتھ کی اولمپکس گیمز 2028 میں شمولیت کی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔ 

35 سالہ کھلاڑی سٹیو سمتھ نے گزشتہ رات دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹیم کے ساتھیوں کو اپنے فیصلے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ’آج اس فیصلے کے لیے یہ صحیح وقت لگتا ہے۔‘

سمتھ نے ایک پریس ریلیز میں کہا، ’یہ ایک زبردست سفر رہا اور مجھے اس کا ہر لمحہ پسند آیا ہے۔‘

’ٹیم میں اچھا وقت اور شاندار یادیں گزری ہیں۔ بہترین ٹیم پلیئرز کے ساتھ دو ورلڈ کپ جیتنا اس سفر کی خوبصورت یادگار ہے۔‘

’اب سب کے لیے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے اس لیے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ دوسروں کو موقع فراہم کرنے کا صحیح وقت ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ٹیسٹ کرکٹ ایک ترجیح ہے اور میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا منتظر ہوں، سردیوں میں ویسٹ انڈیز اور پھر ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف میچز ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اس مرحلے پر مجھے ابھی بھی بہت کچھ کرنا ہے۔‘

سمتھ نے اپنے ون ڈے کیریئر کا اختتام 170 میچز کے ساتھ کیا، جس سے وہ 50 اوور کے فارمیٹ میں 12 ویں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے 64 ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی بھی کی، جس میں 50 فیصد کی جیت کا تناسب تھا۔ کپتان کی حیثیت سے اپنے پہلے سال میں انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف سیریز جیتنا، چیپل-ہیڈلی ٹرافی اور کیریبین میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سہ فریقی سیریز میں فتح بھی شامل ہے۔

ابھی حال ہی میں، انہوں نے 2023-24 ہوم سمر کے دوران کمنز کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز کو 3-0 سے کلین سویپ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

سمتھ نے 43.28 کی اوسط سے 5800 رنز اور 86.96 کے سٹرائیک ریٹ کے ون ڈے کریئر مکمل کیا، جس میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں اور نیوزی لینڈ کے خلاف 2016 میں ایس سی جی میں سب سے زیادہ 164 رنز شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More