انڈین تارکین کو لانے والے امریکی فوجی جہاز کی امرتسر میں لینڈنگ

اردو نیوز  |  Feb 05, 2025

امریکہ کا ایک فوجی جہاز حال ہی میں ملک سے ڈی پورٹ کیے گئے غیرقانونی تارکین کو لے کر انڈیا پہنچ گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک عینی شاہد نے بدھ کو انڈیا کے شمالی شہر امرتسر کے ایئرپورٹ پر امریکی فوجی جہاز کو لینڈ کرتے ہوئے دیکھا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو بے دخل کرنے کے اعلان کے بعد ان اقدامات کافی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

انڈیا کے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس جہاز میں 205 افراد کو لایا گیا جب کہ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تعداد 105 ہے۔ ان افراد میں سے بیش تر کا تعلق پنجاب اور گجرات سے ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے امیگریشن سے متعلق ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی اڈوں اور طیاروں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی امریکہ سے غیرقانونی طور پر مقیم انڈین شہریوں کو واپس بھیجا جاتا رہا ہے تاہم اس مقصد کے لیے فوجی جہاز کا استعمال پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔

روئٹرز نے منگل کو رپورٹ کیا تھا کہ ایک سی۔17 طیارہ انڈین تارکین کو لے کر روانہ ہوا ہے لیکن وہ 24 گھنٹے تک انڈیا نہیں پہنچ سکا تھا۔ اس دوران اسے پبلک فلائٹ ٹریکرر کی مدد سے دیکھا بھی نہیں جا سکتا تھا۔

بعدازاں بدھ کو انڈیا کے مقامی میڈیا نے اس جہاز کے امرتسر میں لینڈ کرنے کی فوٹیج نشر کی۔

انڈیا اور امریکہ کے درمیان تارکین وطن کے معاملے پر پہلے بھی بات چیت ہوتی رہی ہے اور اگلے ہفتے واشنگٹن میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ممکنہ ملاقات میں بھی اس پر بات گفتگو متوقع ہے۔

اس سے قبل انڈیا نے کہا تھا کہ وہ دستاویزات کی جانچ کے بعد غیرقانونی تارکین کو واپس لے گا۔

دوسری جانب پینٹاگون نے کہا ہے کہ وہ گرفتار کیے گئے پانچ ہزار غیرقانونی تارکین کو بے دخل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More