سویڈن کے مرکزی شہر اوریبرو میں منگل کو ایک سکول پر فائرنگ میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے لوگوں سے اس علاقے سے دور رہنے کا کہا ہے کیونکہ بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔جائے وقوعہ کی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار اور ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیاں موجود ہیں۔
پولیس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا کیونکہ اس وقت آپریشن جاری ہے۔
پولیس نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے ہیں تاہم تھوڑی دیر بعد زخمیوں کی تعداد کو بڑھا کر پانچ کر دیا گیا۔ملک کے وزیر انصاف گنار سٹارمر نے سویڈش نیوز ایجنسی ٹی ٹی کو بتایا کہ ’اوریبرو میں تشدد کے حوالے سے رپورٹ تشویش ناک ہے۔‘’پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے اور آپریشن جاری ہے۔ حکومت پولیس سے رابطے میں ہے اور واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔‘
پولیس اس واقعے کو ابتدائی طور پر اقدام قتل اور جلاؤ گھیراؤ کے طور پر لے رہی ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر یا جائے وقوعہ سے دور رہیں۔مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے پولیس کا کہنا تھا کہ خطرہ ٹلا نہیں ہے، لوگ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔قریبی علاقوں کے سکولوں میں موجود طلبہ کو حفاظت کے پیش نظرکمروں میں بند کر دیا گیا ہے۔سویڈن کی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فائرنگ خوکار ہتھیاروں سے کی گئی۔مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے وارڈ کو خالی کر دیا گیا ہے۔