انڈیا: آئی آئی ٹی کے گریجویٹ ایرو سپیس انجینیئر روحانی بابا کیوں بنے؟

اردو نیوز  |  Jan 22, 2025

انڈیا میں جاری مہا کمبھ میلے سے کئی ایک ایسے کردار اور کہانیاں سامنے آئی ہیں جنہوں نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا رکھا ہے۔

انہی میں سے ایک ابھے سنگھ بھی ہیں جنہوں نے آئی آئی ٹی بابا کے نام سے خوب شہرت پائی۔

’فرسٹ پوسٹ‘ کے مطابق ابھے سنگھ نے دلی کے مشہور انڈین انسٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے ایرو سپیس میں انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

ابھے سنگھ عرف آئی آئی ٹی بابا کے اپنے پیشے کو ترک کر کے روحانیت کی راہ اختیار کرنے کے عمل نے عوام الناس میں کافی توجہ حاصل کی ہے۔

ان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت میں اس وقت ایک ڈرامائی موڑ آیا جب آئی آئی ٹی بابا نے اپنے روحانی شاگرد کو اکھاڑے سے نکال دیا۔

آئی آئی ٹی بابا کے روحانی شاگرد کی جانب سے ان پر الزام عائد کیا گیا کہ اکھاڑے کے سخت قواعد و ضوابط کی پیروی نہ کرنے اور اپنے گرو (روحانی پیشوا) سے بدتمیزی کرنے کی وجہ سے انہیں اکھاڑے نکالا گیا ہے۔

آئی آئی ٹی بابا نے اپنے روحانی شاگرد کے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ وہ ان کے خلاف افواہیں پھیلاتے تھے۔

ابھے سنگھ عرف آئی آئی ٹی بابا کون ہیں؟ابھے سنگھ، آئی آئی ٹی ممبئی سے ایروسپیس انجینیئرنگ میں گریجویٹ ہیں، جنہوں نے ایک شاندار کیریئر چھوڑ کر روحانیت کا انتخاب کیا ہے۔

انڈیا کی ریاست ہریانہ کے گاؤں ساسارولی سے تعلق رکھنے والے ابھے سنگھ نے گریجویشن کے بعد کینیڈا میں ملازمت اختیار کی جہاں وہ سالانہ 36 لاکھ انڈین روپے کے برابر تنخواہ لیتے تھے۔

ابھے سنگھ نے بتایا کہ بیرون ملک رہائش اختیار کرنے کے دوران ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے۔

    View this post on Instagram           A post shared by Abhey Singh (@abhey_singh)

وہ بتاتے ہیں کہ ان کے ذہنی صحت کے مسائل انہیں زندگی کے معنی تلاش کرنے اور دماغ کے کردار پر سوال اٹھانے پر مجبور کر رہے تھے۔

لہٰذا انہوں نے ایک اچھی تنخواہ والی ملازمت کو خیرباد کہا اور انڈیا آکر روحانیت سیکھنے اور پریکٹس کرنے کا فیصلہ کیا۔

این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹریو میں ابھے سنگھ نے بتایا کہ بچپن میں ان کے گھر والدین کی لڑائی بھی ان کی اس حالت کی ایک وجہ ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’میں جب سکول میں پڑھتا تھا تو سکول سے واپس آتے ہی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کر کے سو جاتا تھا، جب رات بارہ ایک بجے کے قریب گھر میں لڑائی ختم ہو جاتی تھی اور سکون ہو جاتا تھا تو پھر میں آدھی رات کو اٹھ کر پڑھتا تھا۔‘

آئی آئی ٹی بابا کو اکھاڑے سے کیوں نکالا گیا؟ابھے سنگھ کو بدسلوکی اور بدتمیزی کے الزامات کے بعد جونا اکھاڑے سے نکال دیا گیا، جن میں اپنے گرو، مہنت سومیشور پوری کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کرنا بھی شامل تھا۔

جونا اکھاڑے کے سرپرست اعلٰی کے مطابق ’ابھے سنگھ نے اکھاڑے کی روایت اور اصولوں کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔‘

    View this post on Instagram           A post shared by Abhay Singh (@abhay.singh.humanbeing)

’اپنے گرو کی بے عزتی کرنا سناتن دھرم اور اکھاڑے کے قائم کردہ اقدار کی گہری توہین ہے جس کے ابھے سنگھ مرتکب پائے گئے ہیں۔‘

رپورٹس کے مطابق ابھے سنگھ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسی ویڈیوز بھی پوسٹ کی تھیں جن میں وہ اپنے گرو کو پاگل کہہ کر پکارتے تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More