60 سالہ انڈین شہری مفت موبائل فون کے جھانسے میں آ کر دو کروڑ 80 لاکھ روپے گنوا بیٹھا

اردو نیوز  |  Jan 21, 2025

انٹرنیٹ اور سائبر کرائم کی دنیا میں موجود دھوکے بازوں نے حالیہ عرصے میں سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے کے نئے طریقے ایجاد کر لیے ہیں۔

انڈیا کے آئی ٹی سٹی بینگلورو میں چوری کا اپنی طرز کا ایک مختلف واقعہ پیش آیا ہے۔

آئی ٹی سٹی بینگلورو کے رہائشی ایک 60 سالہ شخص مفت موبائل فون کے وعدے پر یقین کر کے دو کروڑ 80 لاکھ روپے گنوا بیٹھے۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شخص نے ایک فراڈیے کے جھانسے میں آ کر موبائل فون مفت حاصل کیا۔

اس موبائل فون میں کوئی خاص قسم کے میلویئر وائرس موجود تھے جن کی مدد سے موبائل فون اور دیگر اہم معلومات تک ہیکرز رسائی حاصل کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان وائرسز کو استعمال کر کے 60 سالہ شخص کے اکاؤنٹ سے دھوکے باز نے دو کروڑ 80 لاکھ انڈین روپے ہتھیا لیے۔

دھوکے باز شخص کی جانب سے واٹس ایپ کے ذریعے شہری سے رابطہ کیا گیا اور انہیں ایک منافع بخش پیکج کی پیشکش کی گئی۔

دھوکہ دینے والا خود کو سٹی بینک کا نمائندہ بتا رہا تھا۔ اس کی جانب سے مذکورہ شخص کو یہ پیشکش کی گئی کہ سِم کارڈ خریدنے پر اسے نیا موبائل فون دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق لٹنے والے شخص نے دھوکے باز سے ریڈمی کا موبائل فون حاصل کیا جس کی قیمت تقریباً ایک لاکھ انڈین روپے تھی۔

کال کرنے والے فراڈیے نے متاثرہ شخص کو بتایا کہ ان کے نام پر بینک کی جانب سے ایک کریڈٹ کارڈ جاری کیا گیا ہے۔ کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے کے لیے انہیں ٹیلی کام کے فراہم کردہ ایئرٹیل کی جانب سے منظورشدہ فون نمبر پر منتقل ہونا پڑے گا۔

جب متاثرہ شخص نے کال کرنے والے کی پیشکش قبول کرتے ہوئے نئی سِم اور موبائل فون استعمال کرنا شروع کی تو وائرس کی مدد سے ان کا بینک اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا۔

متاثرہ شخص کو لٹ جانے کا اس وقت اندازہ ہوا جب بینک کی جانب سے انہیں آگاہ کیا گیا کہ ان کے اکاؤنٹ سے ایک بڑی رقم منتقل کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More