نائیجیریا میں پٹرول ٹینکر حادثے میں آگ کے باعث 70 افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Jan 20, 2025

نائیجیریا کے شمال وسطی علاقے میں دو شہروں کو ملانے والی شاہراہ پر ایک پیٹرول ٹینکر کے حادثے کے بعد لگنے والی آگ کے باعث کم از کم 70 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نائیجیریا کی ایمرجنسی ریسپانس ایجنسی نے بتایا ہے یہ حادثہ سنیچر کی صبح ریاست کے علاقے سلیجا کے قریب بڑی سڑک پر ہوا۔

نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے ترجمان حسینی عیسیٰ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا حادثے کے بعد ٹینکر سڑک پر آگ کی لپیٹ میں آ گیا، ٹینکر سے پٹرول منتقل کرنے کے لیے جنریٹر کا استعمال کیا گیا جو دھماکے کا سبب بنا۔

ٹینکر حادثے کے بعد قریبی علاقے کے لوگ پٹرول سمیٹنے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے جن میں راہگیر بھی موجود تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ایندھن منتقلی کے دوران لگنے والی آگ کے شعلوں سے جھلسنے کے باعث 70 افراد ہلاک ہوگئے۔

براعظم افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا میں سامان کی ترسیل کے لیے مؤثر ریل نظام نہ ہونے کی وجہ سے شہروں کو ملانے والی بڑی شاہراہوں پر اکثر خطرناک قسم کے ٹرک حادثات پیش آتے ہیں۔

نائیجیریا میں سامان کی ترسیل کے لیے مؤثر ریل نظام موجود نہیں۔ فائل فوٹو اے ایف پیگذشتہ سال ستمبر میں ریاست نائیجر میں ایک پیٹرول ٹینکر مویشی لے جانے والے دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں آگ لگنے سے کم از کم 48 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔  

نائیجیریا کے فیڈرل روڈ سیفٹی کور کی جانب سے مہیا کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں پیٹرول ٹینکر کے 1531 حادثات پیش آئے، جن میں 535 افراد جاں بحق اور 1142 زخمی ہوئے۔

 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More