Getty Images
قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان التھانی نے قطر میں بدھ کو رات گئے ایک پریس کانفرنس کے دوران تصدیق کی کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ معاہدے کا آغاز اتوار 19 جنوری سے ہو گا اور اس کی مخصوص ٹائمنگ پر تاحال فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’امید ہے کہ یہ جنگ کے اختتام کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔‘
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اس معاہدے کی تصدیق کی ہے۔
نائب وزیر اعظم کملا ہیرس اور وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں ’غزہ میں لڑائی رک سکے گی، فلسطینی شہریوں کو انسانی امداد کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور یرغمالیوں کو ان کے خاندانوں کے ساتھ 15 ماہ کی قید کے بعد ملنے کا موقع ملے گا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے تک پہنچنا ’آسان نہیں تھا اور ان کے تجربے کے مطابق یہ سب سے مشکل مذاکرات میں سے ایک تھے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ایران گذشتہ دہائیوں کے مقابلے میں خاصا کمزور ہے اور حزب اللہ بھی ’بری طرح کمزور ہو چکا ہے‘ جبکہ حماس نے بھی اپنے متعدد سینیئر رہنماؤں اور جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد اس معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم اب بھی بہت سے اہم نکات موجود ہیں جو اسے مستقل جنگ بندی کا معائدہ بننے سے روک سکتے ہیں۔ اس معاہدے کی تفصیلات کے حوالے سے تاحال باضابطہ طور پر اعلان تو نہیں کیا گیا ہے لیکن بی بی سی کو اس حوالے سے مذاکرات سے جڑے اہلکاروں نے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔
Abir Sultan / EPAاس امن معاہدے کی ابتدائی شرائط امریکہ نے مئی 2024 میں مرتب کی تھیںامن معاہدے کی شرائط کیا ہیں؟
امریکہ نے غزہ میں 15 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے امن معاہدے کے لیے کچھ وسیع شرائط وضع کی تھیں۔ اس کے بعد سے اسرائیل اور حماس کے حکام قطر، مصر اور امریکہ کے ثالثوں کے ذریعے تفصیلات پر بات چیت کر رہے تھے۔
معاہدے کا مسودہ تین مراحل پر مشتمل ہے جس کے بارے قطری وزیرِ اعظم کو امید ہے کہ یہ ’مستقل جنگ بندی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ایک فلسطینی عہدیدار کے مطابق مجوزہ امن منصوبے کا پہلا مرحلہ 42 دن یا 60 دن تک جاری رہنے والی جنگ بندی ہے۔
ایک فلسطینی عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ حماس معاہدے کے پہلے مرحلے میں 33 یرغمالیوں کو رہا کر دے گی۔ اس کے بعد آئندہ ہفتوں میں مزید یرغمالیوں کی رہائی کا عمل روک دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مسودے میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 33 یرغمالیوں کو اسرائیل واپس بھیجا جائے گا۔ ان میں:
بچےخواتین، بشمول خواتین فوجی50 سال سے زیادہ عمر کے مردزخمی اور بیمار افرادEPAبی بی سی سے گفتگو کرنے والے فلسطینی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے پہلے روز حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے تین افراد کو رہا کیا جائے گافیز ون: 42 روزہ جنگ بندی
بی بی سی سے گفتگو کرنے والے فلسطینی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے پہلے روز حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے تین افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے گا۔
اسرائیل کا ماننا ہے کہ ان یرغمالیوں میں سے زیادہ تر زندہ ہیں لیکن حماس کی جانب سے ان کے بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان میں سے 94 غزہ میں موجود ہیں جن میں سے 34 ہلاک ہو چکے ہیں۔ چار اسرائیلی ایسے بھی ہیں جنھیں جنگ سے پہلے اغوا کیا گیا تھا، جن میں سے دو ہلاک ہو چکے ہیں۔
’حماس نے تمام شرائط قبول کر لی ہیں‘: کیا قطر میں مذاکرات کے نتیجے میں غزہ میں جنگ بندی یقینی ہے؟متنازع نقشے پر سعودی عرب، فلسطین اور عرب لیگ کی مذمت: ’گریٹر اسرائیل‘ کا تصور صرف ’شدت پسندوں کا خواب‘ یا کوئی ٹھوس منصوبہ’حسام ابو صفیہ اسرائیل کی تحویل میں‘ غزہ کے ڈاکٹر جن کے بارے میں آئی ڈی ایف نے پہلے لاعلمی ظاہر کی تھیغزہ میں ’ہائپوتھرمیا‘ سے نومولود بچوں کی اموات: ’اسے چھو کر دیکھو، یہ سردی سے جم چکا ہے‘
جنگ بندی سے متعلق تجویز کردہ مسودے میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے 16ویں دن اسرائیل اور حماس امن منصوبے کے دوسرے اور تیسرے مرحلے پر مذاکرات شروع کریں گے۔ اس میں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے باقی تمام زندہ یرغمالیوں کی واپسی شامل ہو گی۔
اسرائیل شمالی غزہ میں بے گھر ہونے والے رہائشیوں کو علاقے کے جنوب سے واپس آنے کی اجازت دے گا، بشرطیکہ ہتھیاروں کی جانچ پڑتال کی جائے۔
پیدل سفر کرنے والے افراد کو ساحلی روڈ کے ذریعے غزہ میں اپنے گھروں تک جانا ہو گا۔ جو لوگ گاڑیوں کے ذریعے سفر کریں گے انھیں صلاح الدین روڈ کے ذریعے وسطی غزہ میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
غزہ کی 23 لاکھ آبادی میں سے تقریباً تمام کو اسرائیلی انخلا کے احکامات، اسرائیلی حملوں اور جنگ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنے پڑے ہیں۔
Reutersغزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح کراسنگ کو کھولا جائے گا تاکہ بیمار یا زخمی افراد کا انخلا ممکن ہو سکے
جنگ بندی کے آغاز کے چند روز بعد اسرائیلی فوجی غزہ کی پٹی سے مرحلہ وار انخلا کے حصے کے طور پر وسطی غزہ میں نیٹزاریم کوریڈور سے نکلنا شروع کر دیں گے۔
تاہم اسرائیل مصر کے ساتھ غزہ کی جنوبی سرحد کے ساتھ فلاڈیلفیا کوریڈور میں کچھ فوجی رکھے گا۔
مصر اور غزہ کے درمیان رفح کراسنگ کو آہستہ آہستہ بیمار اور زخمی افراد کے علاج کے لیے علاقہ چھوڑنے کے لیے کھول دیا جائے گا اور مزید انسانی امداد کی اجازت دی جائے گی۔
Reutersتوقع کی جا رہی ہے کہ اسرائیل بھی ایک ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گافیز ٹو: بقیہ یرغمالیوں کی اسرائیل کو حوالگی
جنگ بندی کے دوسرے فیز میں زندہ مرد فوجیوں اور شہریوں کو اسرائیل کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ مارے جانے والے یرغمالیوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ میں اس وقت 94 یرغمالی موجود ہیں جن میں سے 34 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ غزہ میں چار مزید اسرائیلی شہری بھی موجود ہیں جنھیں جنگ کے شروع ہونے سے قبل اغوا کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق حماس کے جن جنگجوؤں نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا انھیں رہا نہیں کیا جائے گا۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ تمام یرغمالیوں کی رہائی کے بعد ہی اپنے فوجیوں کو مکمل طور پر واپس بلالے گا۔
اس کے بعد یہ مبینہ طور پر غزہ کے مشرقی اور شمالی اطراف میں 800 میٹر چوڑے بفر زون برقرار رکھے گا جو اسرائیل کی سرحد سے متصل ہے اور غزہ پر سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گا۔
Bashar Taleb / AFP / Getty Imagesتوقع کی جا رہی ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کا تیسرا فیز غزہ کی تعمیر نو سے متعلق ہےفیز تھری: غزہ کی تعمیرِ نو
توقع کی جا رہی ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کا تیسرا فیز غزہ کی تعمیر نو سے متعلق ہے۔ خیال رہے کہ حماس اور اسرائیل کی جنگ کے دوران غزہ کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔
غزہ کا بہت بڑا حصہ ملبے میں تبدیل ہو چکا ہے لہٰذا اس مرحلے یعنی تعمیرِ نو کے کام میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔
Bashar Taleb / AFP / Getty Imagesجنگ بندی کے معاہدے کے دوسرے اور تیسرے فیز پر اسرائیل اور حماس کے درمیان اتفاق نہیں ہوپایا ہےکن نکات پر اتفاق ہونا باقی ہے؟
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے دوسرے اور تیسرے مرحلے پر کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ ان کے بارے میں مذاکرات ابتدائی جنگ بندی کے 16 ویں دن شروع ہوں گے۔
لیکن اب بھی کُچھ سوالات موجود ہیں۔ یہاں سب سے زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ: غزہ کے انتظامی امور کس کے ہاتھ میں ہوں گے؟
Getty Imagesاسرائیل غزہ کا انتظام حماس کو دینے کے حق میں نہیں ہے
غزہ کے انتظامی امور کس کے ہاتھ میں ہوں گے؟
اسرائیل غزہ کا انتظام حماس کو دینے کے حق میں نہیں ہے اور اس نے اس کے اتنظامی امور فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے جو کہ غربِ اردن میں اسرائیل کے قبضے میں موجود متعدد علاقوں کا انتظام سنبھالتی ہے۔
اسرائیل موجودہ تنازع کے اختتام کے بعد بھی غزہ کی سکیورٹی کنٹرول اپنے ہاتھ میں چاہتا ہے۔
تاہم اسرائیل امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر غزہ میں ایک عبوری انتظامیہ تشکیل دینے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے جو فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات ہونے تک غزہ کا انتظام چلائے گی۔
اس وقت حماس شاید اس پریشانی کا بھی شکار ہو کہ کہیں جنگ بندی کا پہلا فیز مکمل ہونے کے بعد اسرائیل کسی مستقل معاہدے سے انکار ہی نہ کر دے۔
اگر اسرائیلی وزیر اعظم حماس کے ساتھ کسی امن عمل کے لیے راضی بھی ہو جاتے ہیں تب بھی ہو سکتا ہے کہ شاید وہ اپنی کابینہ کو اس بات پر راضی نہ کر سکیں۔
Amir Cohen / Getty Imagesاسرائیل موجودہ تنازع کے اختتام کے بعد بھی غزہ کی سکیورٹی کنٹرول اپنے ہاتھ میں چاہتا ہے
اسرائیلی وزیرِ خزانہ بتسلئيل سموتريش اور قومی سلامتی کے وزیر إيتمار بن غفير ایسے کسی بھی معاہدے کے مخالف ہیں۔
سموتریش نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایسا کوئی بھی معاہدہ اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے ’قیامت خیز‘ ثابت ہوگا اور وہ اس کی حمایت نہیں کریں گے۔
حماس کو مبینہ طور پر خدشہ ہے کہ اسرائیلی حکومت ان یرغمالیوں کی واپسی کے بعد ایک مرتبہ پھر سے غزہ پر حملے شروع کر سکتا ہے جنھیں امن منصوبے کے پہلے مرحلے کے دوران واپس لایا جانا ہے۔
Reutersغزہ میں جنگ جنوبی اسرائیل پر 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے بعد شروع ہوئی تھی
دیگر تفصیلات بھی ہیں جو اس معاہدے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
اسرائیل تمام یرغمالیوں کی واپسی چاہتا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ کون سے یرغمالی زندہ ہیں یا مر چکے ہیں اور ممکن ہے کہ حماس کے پاس ان میں سے کچھ کا سراغ تک نہ ہو۔
اسرائیل ان قیدیوں کو رہا کرنے سے بھی انکار کر رہا ہے جنھیں حماس رہا کروانا چاہتی ہے۔ ان میں مبینہ طور پر وہ لوگ بھی شامل ہیں جو 7 اکتوبر کے حملوں میں ملوث تھے۔
اور یہ معلوم نہیں ہے کہ اسرائیل غزہ کی سرحدوں پر مجوزہ بفر زون سے اپنے فوجیوں کو کب نکالے گا یا انھیں مستقل طور پر وہاں رکھے گا۔
غزہ میں جنگ جنوبی اسرائیل پر 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے بعد شروع ہوئی تھی۔ مسلح گروہ کے اس حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 251 شہریوں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
اس کے بعد اسرائیل نے حماس کو تباہ کرنے کے لیے غزہ پر حملہ کر دیا تھا۔
غزہ میں فلسطین کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے مطابق رواں مہینے کی 14 تاریخ تک غزہ میں 46 ہزار 640 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جب چند روٹیاں غزہ میں منگیتر کی طرف سے دیا جانے والا ’مہنگا ترین‘ تحفہ بن جائیںنو کلومیٹر طویل ’نئی عسکری سرحد کی تعمیر‘: سیٹلائٹ تصاویر غزہ کی پٹی کے شمال میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کا عندیہ ہیں؟غزہ میں نیم برہنہ مردوں کے ہجوم میں موجود ننھی جولیا کے ساتھ اسرائیلی حراست میں کیا ہواعرب کہاں ہیں؟ فلسطین کے مسلم ہمسائے ماضی کی طرح اس کی حمایت کیوں نہیں کر رہےکیا غزہ میں یحییٰ سنوار کی زندگی کے آخری لمحات نے انھیں ’ہیرو‘ بنا دیا؟