کراچی کے علاقے ڈیفنس سے 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی ماہ پرانی لاش پرآمد ہوئی جس کے بعد ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر ہونے والی مبینہ سرگرمیاں بھی زیر بحث ہیں۔
کئی ماہ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی گمشدگی کادعویٰ کرنیوالے اسٹائلسٹ دانش مقصود کادعویٰ ہے کہ ’ اداکارہ کے فون پر 5 فروری کے بعد سرگرمیاں ہوئیں، اس دوران ان کے واٹس ایپ سے نہ صرف پروفائل پکچر (ڈی پی) ہٹائی گئی بلکہ ان کا لاسٹ سین بھی غائب کردیا گیا‘ ۔
غیر فعال واٹس ایپ اکاؤنٹس کے حوالے واٹس ایپ کی بھی اپنی پالیسی ہے۔
واٹس ایپ کی ویب سائٹ کے مطابق اگر کوئی واٹس ایپ اکاؤنٹ 120 روز تک مسلسل غیر فعال رہے تو عام طور پر واٹس ایپ کی جانب سے اس اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں صارف کی پروفائل پکچر بھی غائب ہوجاتی ہے۔
کمپنی کے مطابق کسی واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ایکٹو ہونے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن کا ہونا ضروری ہے۔
تفتیشی حکام کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ کی موت 7 اکتوبر2024 کو ہوئی تھی اور حمیرا اصغر نے اپنا فون آخری بار 7 اکتوبر کو شام 5 بجے تک استعمال کیا۔
خیال رہےکہ 7 اکتوبر 2024 کے بعد سے 120 دن 4 فروری 2025 کو مکمل ہوتے ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ حمیرا اصغر کا موبائل کب تک انٹرنیٹ سے کنیکٹڈ تھا۔