انڈین گجرات میں کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر تباہ، تین افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Jan 06, 2025

انڈین کوسٹ گارڈ کا ایک ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر (اے ایل ایچ) گجرات کے پوربندر میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ دھرو ہیلی کاپٹر مسلح افواج آپریٹ کرتی ہیں جو ایک کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوا اور شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

دھرو ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا جب یہ گر کر تباہ ہوا۔ یہ حادثہ انڈین کوسٹ گارڈ کے ایئر انکلیو میں پیش آیا اور اس حادثے میں چند افراد زخمی بھی ہوئے جو سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انڈین کوسٹ گارڈ ایک سمندری قانون نافذ کرنے والی اور ریسکیو ایجنسی ہے جس کا دائرہ اختیار انڈیا کے علاقائی پانیوں میں ہے۔

ہلاک شدگان کی شناخت معلوم نہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

چار ماہ قبل ستمبر میں ایک اور اے ایل این (ایم کے تھری) ہیلی کاپٹر کے پوربندر کے قریب بحیرہ عرب میں گرنے کے بعد عملے کے تین ارکان لاپتا ہو گئے تھے۔ جبکہ عملے کے دو ارکان کی لاشیں بعد میں برآمد ہوئیں۔ مشن کے پائلٹ ان کمانڈ راکیش کمار رانا کی تلاش جاری ہے۔

ایک ماہ کی تلاش کے بعد پائلٹ کی لاش اکتوبر میں گجرات کے ساحل سے کوسٹ گارڈ نے برآمد کی تھی۔

ہیلی کاپٹر پوربندر کے ساحل سے تقریباً 30 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موٹر ٹینکر ہری لیلا پر سوار ایک زخمی شخص کو نکالنے کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ 

دو سال قبل دھرو ہیلی کاپٹر میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ڈیزائن اور دھات کاری کے کچھ مسائل تھے جن کی نشاندہی کی گئی تھی۔ جانچ پڑتال پلیٹ فارم پر ہونے والے حادثات کے بعد کی گئی تھی جس نے فوج اور انڈین فضائیہ کو اپنے بیڑے گراؤنڈ کرنے پر مجبور کیا تھا۔

گراؤنڈ کیے گئے ہیلی کاپٹرز نے حفاظتی آڈٹ مکمل ہونے کے بعد دوبارہ کام شروع کر دیا۔

انڈین بحریہ، آئی اے ایف، آرمی اور کوسٹ گارڈ کے پاس کل 325 سے زیادہ اے ایل ایچ دھرو ہیلی کاپٹر ہیں اور ان سبھی کی 2023 میں ہونے والے حادثات کے بعد تکنیکی جانچ کی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More