’یہ ایک ویک اپ کال ہے‘، ٹیسلا ٹرک دھماکے میں مرنے والے فوجی کے نوٹس

اردو نیوز  |  Jan 04, 2025

امریکہ میں ٹرمپ ہوٹل کے سامنے ٹیسلا کے ٹرک کو دھماکے سے اڑانے کے واقعے میں مرنے والے فوجی اہلکار میتھیو لیولسبرگ کے تحریری نوٹ سامنے آئے ہیں، جس میں انہوں نے اس کو ایک ’ویک اپ‘ کال قرار دیا ہے۔

مرنے والے فوجی کی سابق گرل فرینڈ کا کہنا ہے کہ ’افغانستان میں فرائض کی ادائیگی کی وجہ سے ان کو ذہنی مسائل کا سامنا تھا۔‘

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق نوٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ وہ ’اپنے ذہن کو ان لوگوں کے بوجھ سے آزاد کرنا چاہتے ہیں جن کی جانیں میری وجہ سے گئیں۔‘

ایف بی آئی کے نمائندے نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’یہ واقعہ عام واقعات سے بہت زیادہ سنسنی خیز ہے جو دماغی مسائل سے دوچار فوجی کی خودکشی سے متعلق ہے۔‘

نئے سال کی تقریب کے موقع پر ہونے والے اس دھماکے کے بعد حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس میں سات افراد معمولی زخمی ہوئے تھے تاہم ٹرمپ ہوٹل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور یہ لیولسبرگ کی انفرادی کارروائی تھی۔

حکام کو ملنے والے میتھیو کے نوٹس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’یہ کوئی دہشت گرد حملہ نہیں۔ یہ ایک ویک اپ کال ہے۔ امریکی صرف تماشوں اور تشدد پر توجہ دیتے ہیں اس لیے دھماکہ خیز مواد اور آتش بازی کے ذریعے اپنی بات کو سمجھانا ہی میرے لیے بہتر ہے۔‘

واقعے کے بعد حکام نے گاڑی میں جل جانے والے شخص کی شناخت ایک ٹیٹو اور ڈی این اے کی مدد سے میتھیو لیولسبرگ کے نام سے کی تھی۔

پولیس میں کہنا تھا کہ واقعے میں سات افراد معمولی زخمی ہوئے تھے (فوٹو: روئٹرز)

پینٹاگان حکام کی جانب سے یہ بتانے سے انکار کر دیا گیا تھا کہ آیا میتھیو کو دماغی مسائل سامنا تھا یا نہیں، تاہم اتنا ضرور بایا گیا تھا کہ اس کا میڈیکل ریکارڈ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

لاس ویگس کے اسسٹنٹ شیرف ڈوری کورین کا کہنا ہے کہ دو نوٹس حاصل کیے گئے ہیں جو میتھیو نے موبائل کی نوٹ ایپلیکیشن کے ذریعے لکھے تھے۔

ان کے مطابق ’نوٹس میں سیاسی شکایات کے علاوہ ملک کے سماجی مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔‘

اے پی نے میتھیو کی سابق گرل فرینڈ جو فوج کی سابق نرس رہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں (میتھیو) کو شدید دکھ اور بیزاری کا سامنا تھا، جو ان کے دماغی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

میتھیو اور 39 سالہ سابق نرس السیا ایریٹ کے درمیان 2018 میں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے تعلق قائم ہوا۔

الیسیا ایریٹ ان مراکز پر خدمات انجام دے چکی تھیں جہاں واپس امریکہ روانگی سے قبل زخمی فوجیوں کو لایا جاتا تھا۔

میتھیو لیولسبرگ کی سابق گرل فرینڈ الیسیا ایریٹ کا کہنا ہے کہ انہیں ذہنی مسائل کا سامنا تھا (فوٹو: اے پی)

ان کا کہنا ہے کہ میتھیو میں ایسی ذہنی علامات ملیں جو فوجیوں میں آگ اور بموں کے دھماکوں کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے ان میں بہت سے ذہنی مسائل دیکھے جن سے شخصیت پر بعد میں اثرات پڑتے ہیں۔‘

 ایک ٹیکسٹ میں میتھیو الیسیا کو کسی حد تک دکھانے کی کوشش کی تھی کہ ان کو کس قسم کے حالات کا سامنا ہے۔

انہوں نے افغانستان کے صوبے ہلمند میں فوجیوں کی موجودگی کے دنوں میں اپنے بازو پر بنی دو کھوپڑیوں کے ٹیٹو کی تصویر بھیجی۔ انہوں نے اپنی بیزاری اور تشدد کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ سونے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے الیسیا ایریٹ کو شروع کے دنوں میں بتایا تھا کہ’پچھلے ایک سال سے میری زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔‘

2021 میں دونوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ کافی کم ہوا اور 28 اور 31 دسمبر کو میتھیو نے انہیں میسیج بھیجے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میتھیو لیولزبرگ نے چیزوں کو بہت گہرائی کے ساتھ محسوس کیا اور مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے ہوٹل اور ٹرک دونوں کو علامات کے طور پر استعمال کیا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More