جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار، 62 ہلاکتیں

اردو نیوز  |  Dec 29, 2024

جنوبی کوریا کے موآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو ایک مسافر طیارہ رن وے سے اُتر کر حفاظتی دیوار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم از کم 62 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

روئٹرز نے جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر موآن میں ایک مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 62 افراد جان سے گئے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز سی 22167 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے 175 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان  کو لے کر مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے ملک کے جنوب میں واقع ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہی تھی۔‘

فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ کم از کم 33 لاشیں نکال لی گئی ہیں تاہم، یہ تعداد حتمی نہیں ہے۔

حکام اور وزارت ٹرانسپورٹ نے ہلاکتوں کی رپورٹس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ نے رپورٹ کیا ہے کہ تین افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

ملک کے جنوب مغربی شہر موآن کے ایئرپورٹ پر آگ بجھانے کے لیے موجود اہلکار کا کہنا ہے کہ دو افراد کو زندہ پایا گیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ 

ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ حکام طیارے کے ٹیل سیکشن (پچھلے حصّے) میں لوگوں کو بچانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

مقامی میڈیا کی تصاویر میں طیارے کے کچھ حصّوں میں آگ اور دھواں دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو: روئٹرز)مقامی میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں جڑواں انجن والے طیارے کو رن وے سے پھسلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث وہ حفاظتی باڑ سے ٹکرا کر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔

دیگر تصاویر میں طیارے کے کچھ حصّوں میں آگ اور دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایوی ایشن ٹریکنگ سائٹ فلائٹ راڈار 24 نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا جہاز بوئنگ طیارہ 737-800 معلوم ہوتا ہے تاہم، بوئنگ نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ریسکیو کی ہرممکن کارروائی کا حکم دیا ہے۔

قائم مقام صدر کے چیف آف سٹاف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

جیجو ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرلائن رپورٹس کی  جانچ کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More