انڈیا کی سستی ترین ایئرلائن ’انڈیگو‘ کو دنیا کی بدترین ایئرلائنز میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ایئر ہیلپ سکور رپورٹ 2024 نے انڈین ایئرلائن کو 109 میں سے 103 ویں نمبر پر رکھا ہے۔ رپورٹ میں ایئر انڈیا کو 61 ویں جبکہ ایئر ایشیا کو 94 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔انڈیگو ایئرلائن نے بدھ کو ایک بیان میں اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا ایئرلائن کو رواں برس دنیا کی بدترین ایئرلائنز میں شمار کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن انڈیا ہر ماہ ایئرلائن کی جانب سے وقت کی پابندی اور مسافروں کا ڈیٹا شائع کرتا ہے۔‘’انڈیگو کو وقت کی پابندی کے حوالے سے مسلسل سب سے زیادہ ریٹ کیا گیا ہے جبکہ اسی کیٹیگری کی ایئرلائنز میں مسافروں کی سب سے کم شکایات بھی ہماری ایئرلائن کے خلاف موصول ہوئی ہیں۔‘ایئرلائن کے ایوی ایشن مینیجر کا مزید کہنا ہے کہ یورپی یونین کلیم پروسیسنگ ایجنسی کے ذریعے سروے میں شائع کردہ اعدا و شمار حقائق کے برعکس ہیں۔’انڈیا کی پسندیدہ ترین ایئرلائن کے طور پر ہم اس سروے کے نتائج کی تردید کرتے ہیں اور مسافروں کو بروقت، سستا اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن انڈیا کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ نو ماہ (جنوری سے ستمبر) کے دوران اس بجٹ ایئرلائن کے ذریعے 7 کروڑ 25 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔اس کے بعد ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن ’ایئرانڈیا‘ کا نمبر آتا ہے جس کے ذریعے اسی مدت کے دوران ایک کروڑ 64 لاکھ مسافروں نے سفر کرنے کو ترجیح دی۔اسی طرح دیکھا جائے تو مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے انڈیا کی مارکیٹ میں انڈیگو ایئرلائن کا حصہ 61.3 فیصد جبکہ ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن ’ایئرانڈیا‘ کا 13.9 فیصد بنتا ہے۔