عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری: کیا برطانیہ نیتن یاہو کو گرفتار کرے گا؟

اردو نیوز  |  Nov 26, 2024

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اس سوال پر کہ کیا لندن اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری پر عمل کرے گا؟ کہا ہے کہ اگر بنیامین نیتن یاہو برطانیہ کا دورہ کرتے ہیں تو برطانیہ قانون کی پیروی کرے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈیوڈ لیمی نے اٹلی میں جی 7 ممالک کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم روم کے قانون پر دستخط کرنے والے ہیں، ہم ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے پابند رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یقیناً، اگر برطانیہ کا اس طرح کا دورہ ہوتا ہے، تو عدالتی کارروائی ہو گی اور ان مسائل کے سلسلے میں مناسب قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔‘

عالمی فوجداری عدالت نے گذشتہ ہفتے جمعرات کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو، ان کے سابق وزیر دفاع یوو گلینٹ اور حماس کے فوجی سربراہ محمد ضیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ یہ کارروائی غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم کے الزامات کے تحت کی گئی۔

یورپی یونین کے کئی ممالک نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اس قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے، لیکن ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے نیتن یاہو کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی ہے، اور یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو انہیں کسی قسم کے خطرات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب یورپی یونین کے اعلٰی سفارت کار جوزپ بوریل نے اسرائیل اور فلسطینی امن کارکنوں کی ایک ورکشاپ کے لیے قبرص کے دورے کے دوران کہا کہ ’روم کنونشن پر دستخط کرنے والی ریاستوں کو عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ یہ اختیاری نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ذمہ داریاں یورپی یونین میں شامل ہونے کے خواہش مند ممالک پر بھی عائد ہوتی ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More