گووندا کو اچانک گولی لگ گئی.. اداکار کی حالت اب کیسی ہے؟

ہماری ویب  |  Oct 01, 2024

بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور شیوسینا رہنما گووندا حادثاتی طور پر اپنے ہی ریوالور سے ٹانگ میں گولی لگنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیے گئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، گووندا کو آج علی الصبح اپنی لائسنس یافتہ ریوالور سے غلطی سے گولی لگنے کے بعد فوری طور پر ممبئی کے اسپتال لے جایا گیا۔ یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے چار بجے پیش آیا جب گووندا باہر جانے سے پہلے اپنا ہتھیار رکھ رہے تھے۔

اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں صبح ساڑھے پانچ بجے اسپتال پہنچایا گیا اور خوش قسمتی سے اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گولی ان کے گھٹنے میں لگی اور فوری طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے گولی نکال دی۔ اداکار کے منیجر ششی سنہا نے میڈیا کو بتایا کہ گووندا کولکتہ جانے کی تیاری کر رہے تھے جب اچانک ان کے ہاتھ سے ریوالور گر گیا اور حادثاتی طور پر گولی چل گئی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور گووندا کے ریوالور کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گووندا، جو 80 اور 90 کی دہائی کے بالی ووڈ کے سب سے بڑے سپر اسٹارز میں شمار ہوتے تھے، 2019 کے بعد سے فلمی دنیا سے کنارہ کش ہو چکے ہیں۔ ان کی آخری کامیاب فلم 2007 میں ریلیز ہونے والی "پارٹنر" تھی، جس کے بعد ان کے فلمی کیریئر میں واضح کمی دیکھی گئی۔

گووندا نے "قلی نمبر 1"، "حسینہ مان جائے گی"، "ساجن چلے سسرال"، "راجا بابو"، "راجا جی" اور "پارٹنر" جیسی کامیاب کامیڈی فلموں میں شاندار کردار ادا کیے۔ ان کی آخری فلم "رنگیلا راجا"، جو 2019 میں ریلیز ہوئی، باکس آفس پر ناکام رہی۔ اس کے بعد گووندا نے اداکاری سے بریک لے لی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More