کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو چیمپئین بنوانے والے گوتم گمبھیر انڈین ٹیم کے ہیڈ کوچ تعینات

اردو نیوز  |  Jul 10, 2024

انڈین ٹیم کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو انڈیا کی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

منگل کو بورڈ فار کنٹرول آف کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے باضابطہ طور پر گوتم گمبھیر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

جے شاہ نے نئے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹوٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’گوتم گمبھیر کو انڈین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خوش آمدید کہتا ہوں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں پُراعتماد ہوں کہ گوتم گمبھیر انڈین کرکٹ کے لیے ایک آئیڈیل شخصت ثابت ہوں گے‘۔

سیکریٹری بی سی سی آئی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’گوتم گمبھیر کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور انکا ٹیم انڈیا کے حوالے سے ویژن بڑا واضح ہے،

انڈین کرکٹ بورڈ گوتم گمبھیر کے نئے سفر میں انکا بھرپور ساتھ دے گا‘۔

گوتم گمبھیر کی پہلی ذمہ داری اس ماہ کے آخر میں سری لنکا کا وائٹ بال کا دورہ ہوگی جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز شامل  ہوں گے۔

دوسری جانب گوتم گھمبیر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ’انڈیا میری پہچان ہے اور اپنے ملک کی خدمت کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے ایک مختلف کردار میں ٹیم میں واپس آنے پر دلی خوشی ہے، میرا مقصد وہی ہے جو ہمیشہ رہا ہے ہر انڈین کو فخر کرانا، نیلی شرٹ کو اوپر رکھنا 1.4 بلین انڈینز کا خواب ہے اور میں ان خوابوں کو پورا کرنے کے لئے اپنی استطاعت میں ہر ممکن کوشش کروں گا‘۔

اس سے قبل بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ نئے ہیڈ کوچ کی تقرری جولائی سے ساڑھے تین سال کی مدت کے لیے دسمبر2027 تک کی جائے گی اور وہ تینوں فارمیٹس میں ٹیم کے انچارج ہوں گے۔

جبکہ دوسری طرف بی سی سی آئی نے ہیڈ کوچ کی نشست کے لیے اشتہار دیا تھا اور درخواستوں کے لیے 27 مئی کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔

بورڈ نے آئی پی ایل 2024 کے دوران گمبھیر کے ساتھ اس معالے پر بات چیت کا آغاز کیا تھا جس کا نتیجہ ان کی بطور ہیڈ کوچ تعیناتی کی صورت میں نکلا۔

واضح رہے کہ گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ رہنے کے دوران کوکلتہ نائٹ رائیڈرز آئی پی ایل ایڈیشن 2024 میں 12 برس بعد چیمپئن بنی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More