تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کب ہوں گی؟ اہم خبر آگئی

سچ ٹی وی  |  Apr 21, 2025

ملک میں موسم گرما سے قبل ہی گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جب کہ کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارد کیا گیا ہے۔

پنجاب میں شدید گرمی اور متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے درخواست کی ہے کہ چھٹیاں یکم جون ہی سے شروع کی جائیں، تاہم ہیٹ ویو کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں رد و بدل بھی ممکن ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو کے مطابق محکمہ تعلیم نے ہیٹ ویو کے خدشے کے باوجود تعطیلات کے لیے سالانہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق ہی تاریخ تجویز کی ہے، تاہم موسم کی شدت میں اضافے کی صورت میں قبل از وقت چھٹیوں کا فیصلہ بھی خارج از امکان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ تعطیلات یکم جون سے شروع کی جائیں۔ حتمی منظوری مریم نواز دیں گی، جس میں گرمی کی شدت اور متعلقہ ماہرین کی پیش گوئی کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے اپریل کے آغاز میں اسکولوں کے اوقات میں 30 منٹ کی کمی کی تھی اور یہ نیا شیڈول 7 اپریل سے نافذ ہے جو 15 اکتوبر تک لاگو رہے گا۔ اب اسکول صبح 7:30 بجے کھلتے ہیں جبکہ بند ہونے کے اوقات سنگل اور ڈبل شفٹ کے لحاظ سے مختلف رکھے گئے ہیں۔

اگرچہ اسکولوں کے اوقات میں نرمی کی گئی ہے، مگر والدین کی بڑی تعداد شدید گرمی میں بچوں کی صحت کے حوالے سے تحفظات رکھتی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت جلد از جلد موسم گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کرے تاکہ بچوں کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More