لاہور۔13جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 9 واں اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا ۔اجلا س میں پنجاب کی تاریخ کے 5446ارب روپے کے سب سے بڑے ٹیکس فری سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی،842 ارب روپے ڈویلپمنٹ اخراجات، 630 ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا،نہ ہی موجودہ ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے،ٹیکس بڑھائے بغیر مالیاتی ذرائع سے ریونیو میں53 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔صوبائی کابینہ نے پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے 842 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی،سالانہ ڈویلپمنٹ پلان میں 77 نئے میگا پراجیکٹ شامل ہوں گے۔کابینہ نے کم ازکم اجرت 32 ہزار سے بڑھا کر37 ہزار روپے کر نے ،تنخواہوں میں گریڈ01 سے16تک 25 فیصد اور گریڈ 17سے 22 تک 20 فیصد جبکہ پنشن میں 15فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں گندم کا قرض 375 ارب روپے کی ادائیگی کی منظوری،لیپ ٹاپ سکیم کے لئے 6 ارب روپے اور پی کے ایل آئی انڈومنٹ فنڈ کے لئے 5 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔کابینہ میں24-2023ء بجٹ کی سپلیمنٹری گرانٹ کیلئے268 ارب روپے منظور جبکہ مالی سال 2023-24کے سپلیمنٹری بجٹ سٹیٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔کابینہ نے زرعی آلات کیلئے 26 ارب روپے،کسان کارڈ10 ارب روپے،سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام 30 ارب، سی ایم ڈسٹرکٹ ایس جی ڈی پروگرام کیلئے 80 ارب روپے ،لاہور ڈویلپمنٹ کیلئے 35 ارب روپے، مری کے لئے 5ارب روپے، لائیو سٹاک کارڈ کیلئے 2 ارب، ہمت اور نگہبان کارڈ کیلئے 2ارب روپے، ری سٹرکچرنگ ایجوکیشن کیلئے 26ارب روپے کی منظوری بھی دے دی۔اجلاس میں سابقہ ریونیو ہدف 625 ارب روپے جبکہ موجودہ ریونیو ہدف 960 ارب روپے مقرر کیا گیا،مینارٹی ڈویلپمنٹ فنڈ میں پہلی مرتبہ ایک ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ،سوشل پروٹیکشن کیلئے 130 ارب روپے مختص، 110 ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب اپنے ذرائع سے960 ارب روپے ریونیو اکٹھا کرے گا،پنجاب نے ایف بی آر ٹارگٹ سے36 فیصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کی فنانشل پاکٹ کو بڑھانا چاہتے ہیں،عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے،بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے،اپنے ذرائع سے ریونیو بڑھا رہے ہیں،میری کابینہ اور ٹیم دن رات کام کر رہی ہے،اپنے وعدوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے دن رات ایک کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پورے پنجاب کو سیف سٹی بنایاجائے گا،تمام شہر کیمروں سے کور ہوں گے،گندم خریداری سے بچائے گئے پیسے کاشتکار پر خرچ کریں گے،جنوبی پنجاب کے فارمر کو خصوصی طور پر مویشی دیئے جائیں گے،پنجاب میں فراہمی اور نکاسی آب کے لئے ایک ہی ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا۔مریم نوازشریف نے کہا کہ رورل ہیلتھ پر کبھی توجہ نہیں دی گئی،پہلی مرتبہ تمام مراکز صحت ری ویمپ ہو رہے ہیں،فیلڈ ہسپتالوں،گھروں میں ادویات کی فراہمی اور ہسپتالوں میں مفت ادویات سے عوام خوش ہیں،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 5 مرلے تک لوگوں کو گھر بنانے کے لئے فنڈنگ دیں گے۔انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف ہماری محنت کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔وزیر اعلی نے سیکرٹری فنانس مجاہد شیردل، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، پی ایس او علی اعجاز، سیکرٹری شعیب مرزا،میڈیا ٹیم اور دیگر کو شاندار بجٹ تیار کرنے پر شاباش دی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف اورکابینہ نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جبکہ کابینہ نے 3 ماہ میں ریکارڈ مہنگائی کم ہونے پر وزیراعلی مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا،معاون خصوصی،چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب، سیکرٹریز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔