لاہور۔13جون (اے پی پی):واپڈا نے درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کے بحالی منصوبہ کے سول اور الیکٹرو مکینیکل ورکس کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا،کنٹریکٹ کی مالیت10 ارب 60کروڑ روپے ہے، یہ کنٹریکٹ دو چینی اور ایک پاکستانی کمپنی پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈکیا گیا ہے۔واپڈا ترجمان کے مطابق جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ واپڈا احسان اللہ اور جوائنٹ ونچر کے نمائندے نبیل طاہر نے کنٹریکٹ پر دستخط کئے۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)سجاد غنی ، ممبر(پاور) جمیل اختر،واپڈا کے آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں موجود تھے۔درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی میں واپڈا کو اے ایف ڈی فرانس کی مالی معاونت حاصل ہے،کنٹریکٹ کے مطابق درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کا کام تین سال میں مکمل ہوگا۔بحالی منصوبے کی تکمیل پر درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن 22 میگاواٹ ماحول دوست پن بجلی پیدا کرے گا، اِس پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو ہر سال13 کروڑ یونٹ کم لاگت بجلی مہیا ہوگی۔درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن 1952میں مالا کنڈ میں تعمیر کیا گیا، 72 سال گزرنے کے بعد پاور سٹیشن کا آپریشن جاری رکھنے کے لئے اِس کی بحالی کی جا رہی ہے۔واپڈا پاکستان میں پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لئے دو جہتی حکمت عملی پر گامزن ہے،جس کے تحت پن بجلی کے نئے منصوبے تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ پرانے پن بجلی گھروں کی بحالی اور اپ گریڈیشن بھی کی جارہی ہے،درگئی پن بجلی گھر کی بحالی بھی اِسی حکمت ِ عملی کا حصہ ہے۔