لاہور۔13جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی مر یم نوا ز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی سرپرستی،وزیراعظم محمدشہباز شریف کی رہنمائی اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں متوازن بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی میں بجٹ پرجاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ کی منظوری تاریخ ساز قدم اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے،بجٹ میں غربت کے خاتمے سمیت تمام عوامی مسائل کے حل موجود ہیں۔ملک محمد احمد نے کہاکہ پنجاب حکومت نے بجٹ میں تعلیم،صحت اور سماجی تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے ،بجٹ سے تمام شعبہ ہائے زندگی سمیت محروم معیشت طبقات کو ریلیف حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں پیداوری شعبہ جات میں صنعت اور زراعت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،حکومت نے کسان دوست بجٹ میں زرعی شعبہ کو مثالی مراعات دینے اور پیداوری صلاحیت بڑھانے کے لیے بہترین ریلیف دیا ہے،حکومت کی طرف سے عوام کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی پیکج پر اپوزیشن کی تنقید بے سود ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب سے اقتدار میں آئی ہے، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اٹھارہی ہے،پائیدار ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ،ملک معاشی بحران کی کیفیت سے دن بدن باہر آ رہا ہے، ملک کے حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے، اللہ کے فضل و کرم سے مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔