اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس لغاری سے امریکی محکمہ خزانہ کے وفد نے ملاقات کی۔ امریکی وفد کی قیادت اسسٹنٹ سیکرٹری برائے خزانہ برینٹ نیمن کر رہے تھے۔ ملاقات کا مقصد توانائی کے شعبے میں ممکنہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر میں خامیاں دور کرنے کے لئے اصلاحاتی پلان بنا لیا ہے،ان اصلاحات کا مقصد پاکستان کے انرجی مکس کو بہتر بنانا اور پاور سیکٹر کی باقی خرابیوں کو دور کرنا ہے ۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں بجلی کی تقسیم اور ترسیل میں نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کے لئے اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں، ان اصلاحات کا مقصد پاکستانی عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ قرض کے انتظام کے حوالے سےوفاقی وزیر نےکہا کہ پاکستان پنکھوں کی تبدیلی کا پروگرام شروع کر رہا ہے جس سے توانائی کی بچت ہوگی ۔سردار اویس لغاری نے موسمی پیداوار اور طلب کے فرق کو دور کرنے کے لئے امریکی تکنیکی مدد کی ضرورت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے پاور سیکٹر کے لئے زیادہ سازگار شرحوں پر بین الاقوامی فنانسنگ حاصل کرنے میں امریکی امداد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔امریکی معاون وزیر خزانہ نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں اصلاحات کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے پاور سیکٹر کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔