واپڈا نے درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا

اے پی پی  |  Jun 13, 2024

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):واپڈا نے درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کے بحالی منصوبہ کے سول اور الیکٹرو مکینیکل ورکس کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا، کنٹریکٹ کی مالیت 10 ارب 60کروڑ روپے ہے، یہ کنٹریکٹ دو چینی اور ایک پاکستانی کمپنی پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈکیا گیا ہے۔

واپڈا سے جاری اعلامیہ کے مطابق جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ واپڈا احسان اللہ اور جوائنٹ وینچر کے نمائندے نبیل طاہر نے کنٹریکٹ پر دستخط کئے۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی ، ممبر(پاور) جمیل اختر، واپڈا کے آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں موجود تھے۔ درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی میں واپڈا کو اے ایف ڈی فرانس کی مالی معاونت حاصل ہے۔کنٹریکٹ کے مطابق، درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کا کام تین سال میں مکمل ہوگا۔ بحالی منصوبے کی تکمیل پر درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن 22میگاواٹ ماحول دوست پن بجلی پیدا کرے گا۔ اس پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو ہر سال 13 کروڑ یونٹ کم لاگت بجلی مہیا ہوگی۔

درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن 1952میں مالا کنڈ میں تعمیر کیا گیا، 72سال گزرنے کے بعد پاور سٹیشن کا آپریشن جاری رکھنے کے لئے اس کی بحالی کی جارہی ہے۔واپڈا پاکستان میں پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لئے دو جہتی حکمت عملی پر گامزن ہے جس کے تحت پن بجلی کے نئے منصوبے تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ پرانے پن بجلی گھروں کی بحالی اور اپ گریڈیشن بھی کی جارہی ہے۔ درگئی پن بجلی گھر کی بحالی بھی اِسی حکمت ِ عملی کا حصہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More