سردی کے موسم میں گرم گرم سوپ پینا اکثر لوگوں کو پسند ہوتا ہے، گھروں میں سوپ بنانے کے ساتھ ساتھ بازار میں مختلف اقسام کے سوپ بھی دستیاب ہیں جن میں سب سے زیادہ چکن سوپ مقبول ہے،تو چلیں آپ کو بتاتے ہیں کہ سردی میں چکن سوپ پینے سے کیا ہوتا ہے۔
موسم سرما میں موسمی نزلہ زکام، فلو اور کھانسی وغیرہ جیسی بیماریاں کافی عام ہو جاتی ہیں، جن کے علاج کے لیے بیشتر افراد چکن سوپ کا سہارا لیتے ہیں جبکہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں صدیوں سے بیمار افراد کو چکن سوپ کا استعمال کرایا جا رہا ہے۔
سوپ کا اپنا مخصوص ذائقہ ہوتا ہے ،چکن سوپ کو متعدد طریقوں سے بنایا جاتا ہے اور گوشت کے ساتھ مختلف سبزیوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق چکن سوپ کے استعمال سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ چکن سوپ کا ذائقہ نزلہ زکام، فلو، کھانسی یا بخار کے مریضوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
چکن سوپ کی تمام اقسام سے بیماری پر قابو پانے میں مدد نہیں ملتی بلکہ اس کی تیاری کے لیے درست اجزا کا استعمال صحت کو فائدہ پہنچاتا ہے۔
بیمار ہونے کے بعد بیشتر افراد کے کھانے کی خواہش گھٹ جاتی ہے یا وہ کچھ نہیں کھاتے، جس کے نتیجے میں جسم کو ایندھن نہیں ملتا اور مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے مگر چکن سوپ کا ذائقہ مریض کے کھانے کی خواہش کو بڑھاتا ہے اور انہیں بھوک لگنے لگتی ہے۔
جب ہم بیمار ہوتے ہیں تو ہمارا جسم اس پر قابو پانے کے لیے ورم کو متحرک کرتا ہے اور خون کے سفید خلیات متاثرہ حصوں میں جاکر صحت یابی کا عمل تیز کرتے ہیں۔
چکن سوپ کے ذائقے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔چکن سوپ کے استعمال سے نظام ہاضمہ کے مسائل جیسے پیٹ درد، متلی، قے اور ہیضے پر قابو پانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
نظام تنفس کے امراض جیسے نزلہ زکام اور فلو کے دوران جب ورم متحرک ہوتا ہے تو ناک بند ہو جاتی ہے یا بہنے لگتی ہے، چھینکیں، کھانسی اور بلغم گاڑھا ہونے جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ چکن سوپ کے استعمال سے متاثرہ ٹشوز تک پہنچنے والے خون کے سفید خلیات کی تعداد میں کمی آتی ہے جس سے ناک بند ہونے یا بہنے کی شدت کم ہو جاتی ہے جبکہ ورم بھی گھٹ جاتا ہے۔