بھارت کا مشہور سیریل سی آئی ڈی کئی برسوں تک ناظرین کی اولین پسند رہا ہے، خاص طور پر دیا کا کردار آج بھی مداح بہت پسند کرتے ہیں جبکہ اس سیریز میں ایک کامیڈی کردار بھی رہا جس کی اوٹ پٹانگ باتوں سے سنجیدہ ماحول کشت زعفران ہوجاتا تھااور وہ مزاحیہ کردار یعنی فریڈرک اس وقت اسپتال میں داخل ہے اور مداح اداکار کی صحت کے حوالے سے پریشان ہیں۔
سی آئی ڈی‘ میں فریڈرکس کا کردار ادا کرنے والے اداکار دنیش فڈنیس کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،دنیش کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی حالت جمعے کو بہت نازک تھی تاہم اب ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی حالت بہتر ہے اور ان کی طبیعت کے بارے میں ’سی آئی ڈی‘ کی کاسٹ اور عملے کو آگاہ کردیا گیا ہے جس کے بعد اُن کے ساتھی اداکاروں نے اسپتال پہنچ کر اداکار کی عیادت بھی کی۔
بھارتی کرائم شو ’سی آئی ڈی‘ بھارت کے طویل عرصے تک چلنے والے ٹیلی ویژن شوز میں سے ایک ہے جس کی پہلی قسط 1998ء میں نشر ہوئی تھی اور آج بھی یہ شو اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔