بھارت کی شکست پر انوشکا بھی افسردہ ۔۔ روتے ہوئے کوہلی کو گلے لگانے کی تصویر وائرل

ہماری ویب  |  Nov 20, 2023

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کھلاڑی روتے ہوئے میدان سے باہر آئے، سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما بھی افسردہ نظر آئیں، میچ کے بعد روتے ہوئے شوہر ویرات کوہلی کو گلے لگانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ورلڈکپ کے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلوی ٹیم نے 241 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 43ویں اوورز میں پورا کرکے فتح سمیٹ لی۔ بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل وقت میں 63 گیندوں 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارتی اننگز کے دوران انوشکا شرما اپنے شوہر اور نیشنل ٹیم کے لیے انتہائی خوش دکھائی دیں، لیکن میچ کے نتیجے نے انوشکا کے جذبات ہی بدل ڈالے۔ میچ کے اختتام پر اداکارہ نے اپنے شوہر ویرات کوہلی کو گلے لگایا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس تصویر میں انوشکا شرما کو انتہائی افسردہ دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں پر 11 آسٹریلوی کھلاڑی بھاری پڑ گئے، فائنل تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا نے شکست کا ذائقہ چکھا کرآسٹریلیا نے چھٹی بار ورلڈ کپ جیت لیا۔

آسٹریلیا نے 241 رنز کا ہدف آسانی سے پورا کرلیا، میچ کی خاص بات یہ تھی کہ پوری بھارتی ٹیم نے فائنل میں اتنے چوکے چھکے نہیں لگائے جتنے اکیلے ٹریوس ہیڈ نے لگائے۔

ٹریوس ہیڈ نے چار چھکے اور 14 چوکے لگائے، بھارت کی پوری ٹیم نے 13 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ویرات کوہلی پلیئرآف دی ٹورنامنٹ قرار پائے، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More