انڈیا میں سخت سکیورٹی کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کا ’دم گُھٹ رہا ہے‘: مکی آرتھر

اردو نیوز  |  Nov 03, 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی کی وجہ سے یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے اُن کا دم گھٹ رہا ہو۔

جمعے کو بنگلورو میں پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے ورلڈ کپ میں ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی کے باعث پیش آنے والی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مکی آرتھر اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’بطور پاکستان ٹیم، ہم بہت زیادہ کرکٹ کھیلتے ہیں لہذا لڑکوں کے لیے سفر کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ مشکل اس بات کی پیش آ رہی ہے کہ ہم بہت زیادہ سکیورٹی میں گھرے ہوئے ہیں۔‘

گرین شرٹس کے ٹیم ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ’مجھے ان سب چیزوں سے بہت پریشانی ہو رہی ہے۔ ایسے لگ رہا ہے جیسے ہم کورونا کی وبا کے دنوں میں واپس چلے گئے ہوں، جب ہم سب صرف ٹیم کے کمرے اور ہوٹل کے فلور تک محدود ہوتے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹیم کے کھلاڑیوں کو ناشتہ الگ الگ کمروں میں ملتا ہے، یہ کافی مشکل بات ہے۔‘

مکی آرتھر نے مزید کہا کہ کھلاڑی دوران سفر ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کے عادی ہیں اور عام طور پر وہ باہر جا کر کھانا کھانے چلے جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہو رہا۔

انہوں ںے بتایا کیا کہ ’ہم اس مرتبہ ایسا نہیں کر پا رہے اور اس سے بہت مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ کھلاڑیوں کو یوں مسحوس ہو رہا ہے جیسے دم گھٹ رہا ہو۔‘

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی ہے۔ گرین شرٹس نے ابھی تک میگا ایونٹ میں سات میچ کھیلے ہیں جس میں انہیں چار میں شکست اور تین میں جیت حاصل ہوئی جس کے بعد ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔

مکی آرتھر نے مزید کہا کہ کھلاڑی دوران سفر ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کے عادی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل پاکستان ٹیم کے کھلاڑی مختلف انجریز کا شکار رہے اور پھر ورلڈ کپ کے دوران بھی کھلاڑیوں کو صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان ٹیم کو بڑا جھٹکا اُس وقت لگا جب جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں آل راؤںڈر شاداب خان انجری کا شکار ہوگئے۔

شاداب خان کی انجری کے بارے میں مکی آرتھر کہتے ہیں کہ ’شاداب کے آج ابتدائی ٹیسٹ کروائے ہیں جن کی رپورٹ ٹھیک آئی ہے تاہم ہم ابھی اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ اس بارے میں بتا سکیں کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلیں گے یا نہیں۔‘

 

پاکستان نے کولکتہ میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)وہ کہتے ہیں کہ ’میں بالکل کھرا سچ بولوں گا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک اپنی اصلی قوت کے مطابق نہیں کھیلا۔ میرے خیال سے بنگلہ دیش کے خلاف میچ ہی وہ واحد میچ تھا جب ہم نے متحد ہو کر ہر طرح سے اچھا کھیلا۔‘

خیال رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا اہم ترین میچ سنیچر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے اس میچ میں ہر صورت جیت حاصل کرنا ہوگی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More